ذہنی طور پر تھکے وراٹ کو دورہ انگلینڈ سے پہلے یا بعد میں آرام کی ضرورت: شاستری

ممبئی، اپریل۔ہندوستان کے سابق کوچ روی شاستری کا خیال ہے کہ وراٹ کوہلی ذہنی طور پر تھک چکے ہیں اور اگر انہیں مزید چھ سے سات سال تک ملک کی خدمت کرنی ہے تو انہیں آرام کی ضرورت ہے۔33 سالہ کوہلی کا آئی پی ایل اچھا نہیں جارہا ہے، انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے پچھلی سات اننگز میں صرف دو بار 40 سے زیادہ کا اسکور کیا ہے۔ شاستری کا خیال ہے کہ کوہلی کو ہمدردی کے ساتھ سنبھالنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ایسے ماحول میں جہاں کھلاڑی بایو ببل میں جکڑے ہوئے ہیں۔شاستری نے منگل کو براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس پر کہا، میں یہاں براہ راست اہم کھلاڑی کی طرف آتا ہوں۔ وراٹ کوہلی ذہنی طور پر تھکے ہوئے ہیں۔ اگر کسی کو آرام کی سب سے زیادہ ضرورت ہے تو وہ کوہلی ہیں۔ چاہے یہ آرام دومہینے کا ہویا ڈیڑھ مہینے کا، گرچہ یہ جولائی میں دورہ انگلینڈ سے پہلے ملے یابعد میں۔ انہیں آرام کی ضرورت ہے کیونکہ ابھی ان میں چھ سے سات سال کی کرکٹ باقی ہے اور آپ اسے تھکے ہوئے دماغ کے ساتھ کھونا نہیں چاہتے۔کوہلی نے تمام فارمیٹس میں گزشتہ 100 میچوں میں کوئی سنچری نہیں بنائی ہے اور گزشتہ سات مہینوں میں انہوں نے ہندوستان کی ٹی 20، ٹیسٹ اورآرسی بی کی کپتانی سے استعفیٰ دیا، جبکہ ون ڈے کی کپتانی سے انہیں ہٹایا گیا تھا۔آئی پی ایل 2022 میں، منگل کی رات کوہلی صفرپر آوٹ ہوگئے اورفاف ڈوپلیسس نے 96 رن بناکر آرسی بی کو لکھنؤ سپر جائنٹس پر 18 رنوں سے جیت دلائی۔شاستری نے کہا، جب میں ہندوستانی ٹیم کا کوچ تھا اور یہ سب پہلی بار شروع ہوا تو میں نے پہلی بات یہ کہی کہ آپ کو کھلاڑیوں کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اگر آپ ان کے ساتھ زبردستی کریں گے، تو یہاں انتہائی باریک لائن ہے جہاں کھلاڑی درمیان میں لٹک جائے گا اور اپنا بہترین نہیں دے پائے گا۔ اس لیے آپ کو بہت محتاط رہنا ہوگا۔شاستری نے کہا کہ عالمی کرکٹ میں ایسے ایک یا دو کھلاڑی ہو سکتے ہیں جو اسی طرح کی پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں، جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ شاستری کی باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے کہا کہ کوہلی کو اپنے لیے کھیل سے کچھ وقت نکالنا چاہیے اور ساتھ ہی سوشل میڈیا سے بھی کچھ وقت تک دور رہنا چاہیے۔ پیٹرسن نے کہا، کوہلی نے بہت کچھ جھیلاہے۔ شادی سے لے کر ان کی بچی کی تصویر تک کاسوشل میڈیا پر وائرل ہونا اور ان کی بقیہ ذاتی زندگی۔ کوہلی کو کم از کم چھ ماہ تک اپنے جوتے لٹکانے کی ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا سے دوری کی ضرورت ہے۔ تاکہ وہ اسی جذبے کے ساتھ دوبارہ میدان پراترسکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب اسٹیڈیم بھریں گے، تو آپ انہیں 12، 24 یا 36 ماہ تک ٹیم میں جگہ کی ضمانت دیجئے۔ انہیں بتائیں کہ آپ ہمارے کھلاڑی ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ آپ ہمارے لیے پرفارم کریں گے۔ کوہلی کے لیے ابھی جاری رکھنا مشکل ہورہاہے، کیونکہ اس وقت وہ ذہنی طورسے مکمل طور پر تھکے ہیں۔

Related Articles