لالو کا جنگل راج سنا ہے لیکن گہلوت کے جنگل راج کو حقیقی شکل میں دیکھ رہا ہوں: سوریہ

جے پور، اپریل۔ بھارتیہ جنتا یوا مورچہ (بی جے وائی ایم) کے قومی صدر تیجسوی سوریہ نے کہا ہے کہ بہار میں لالو پرساد یادو کا جنگل راج سنا تھا، لیکن آج راجستھان میں اشوک گہلوت کا جنگل راج حقیقی شکل میں دیکھ رہے ہیں۔مسٹر سوریہ نے یہ بات کرولی تشدد کے زخمیوں اور حملے میں زخمی ہونے والے اے ای این ہرشادیپتی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے کہی۔ انہوں نے کہا کہ لالوکے جنگل راج کے بارے میں سنا تھا لیکن آج وہ اشوک گہلوت کے جنگل راج کو حقیقی شکل میں دیکھ رہے ہیں۔ کرولی میں ہوئے تشدد کے متاثرین کی حالت اتنی خراب ہے کہ 20-30 سال کے نو جوان ، جن کی ساری زندگی ان کے سامنے پڑی ہے، ابھی وہ بستر پر ہیں۔ یہ خوشامد کی سیاست کا نتیجہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہرشادیپتی سے بات کرنے کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ کانگریس ایم ایل اے گرراج سنگھ ملنگا نے ان کے ساتھ انتہائی غیر انسانی طریقے سے مار پیٹ کی ہے،ابھی تک ان کی سرجری نہیں ہو پائی ہے۔ یہاں لوگوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ مسٹر سوریہ نے کہا کہ بی جے وائی ایم اور بھارتیہ جنتا پارٹی راجستھان میں گہلوت کے جنگل راج کی مخالفت کریں گی اور آنے والے وقت میں اس کی اور بھی شدید مخالفت کی جائے گی۔قبل ازیں مسٹر سوریہ نے بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا کے ساتھ مسٹر ہرش دیپتی اور کرولی تشدد میں زخمی ہونے والوں سے اسپتال میں ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر بی جے وائی ایم کے ریاستی صدر ہمانشو شرما بھی موجود تھے۔

Related Articles