ڈیوڈ کیمرون یوکرینی پناہ گزینوں کیلئے عطیات لے کر پولینڈ روانہ

لندن ،مارچ۔برطانیہ کے سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون یوکرین کے پناہ گزینوں کیلئے عطیات لے کر پولینڈ روانہ ہو گئے۔ ٹوئٹس کی سیریز میں سابق ٹوری لیڈر نے انکشاف کیا کہ وہ آکسفورڈشائر فوڈ پروجیکٹ چپی لارڈر کے جمع کردہ سامان کے ساتھ لاری لے کر پولینڈ کی جانب جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سامان میں نیپیز سے لے کر سینیٹری پروڈکٹس، گرم کپڑوں سے لے کر فرسٹ ایڈ کٹس تک ہر چیز موجود ہے۔ مسٹر کیمرون چیرٹی کے دو ساتھیوں کے ہمراہ پولینڈ پہنچ کر یہ عطیات ریڈ کراس کے حوالے کریں گے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ایک طویل سفر ہے لیکن میں آپ کو راستے میں اپ ڈیٹ کرتا رہوں گا۔ روسی حملے کے بعد یوکرین سے فرار ہونے والوں کی مدد کے لئے برطانیہ بھر کے لوگ چیریٹز کو عطیات دے رہے ہیں۔ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ چپی لارڈر، جہاں وہ دو برس سے رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں، چپنگ نورٹن میں لوگوں کو کم قیمت کھانا فراہم کرتی ہے اور دو ہفتے قبل اس نے عطیات جمع کرنا شروع کئے تھے۔ انہوں نے عطیات کیلئے ویڈیوز بھی ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہیں اور انہوں نے لکھا کہ گزشتہ پندرہ روز میں ہم نے ان چیزوں کے عطیات دینے کی اپیل کی تھی، جن کی یوکرین سے پولینڈ آنے والے پناہ گزینوں کو شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اس اپیل پر عوام کا رسپانس حیرت انگیز رہا ہے۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ویسٹ آکسفورڈ شائر میں کمیونٹی کی سخاوت غیر معمولی اور برطانیہ بھر میں عام طور پر متاثر کن ہے، جو اپنے پڑوسیوں کی ضرورت کے وقت ان کی مدد کیلئے آگے بڑھ رہی ہے۔ برطانیہ میں یوکرین کے سفیر وادیم پریسٹیکو نے جمعہ کو برطانوی عوام کی حمایت کا خیرمقدم کیا لیکن انہوں نے کہا کہ بھاری بھرکم اشیا کے بجائے پیسہ دیا جائے تو بہتر ہے۔ مسٹر پریسٹیکو نے مزید کہا کہ یہ پیعام سادہ ہے کہ اگر آپ ایک بیگ میں سامان لانے کے بجائے چند پونڈ دے سکتے ہیں تو وہ زیادہ بہتر ہے۔

 

Related Articles