دفعہ370 کے خاتمے کے بعد ملی ٹنسی پر فیصلہ کن کنٹرول حاصل کرنا سب سے بڑی کامیابی:امیت شاہ

جموں، مارچ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں دفعہ 370 تنسیخ کے بعد ملی ٹنسی پر فیصلہ کنٹرول حاصل کرنا ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے یونین ٹریٹری میں 33 ہزار کروڑ روپیوں کی سرمایہ کاری کو یقینی بنایا ہے اور یہاں جمہوریت کو بنیادی سطح تک پہنچایا گیا ہے۔موصوف وزیر داخلہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز جموں میں سی آر پی ایف کے 83 ویں یوم تاسیس کے موقعے پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’دفعہ370 کے خاتمے کے بعد ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ تھی کہ آج ہمیں دہشت گردی پر فیصلہ کن کنٹرول حاصل ہے‘۔مسٹر شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے یونین ٹریٹری میں 33 ہزار کروڑ رپیوں کی سرمایہ کاری کو بھی یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا: ’جموں و کشمیرمیں آج جمہوریت پھل پھول رہی ہے کیونکہ ہر گاؤں میں پنچ اور سرپنچ ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری میں قومی شہراؤں کا جال مزید پھیلایا جا رہا ہے اور جموں وکشمیر کی تعمیر ترقی کے لئے تمام تر جدید وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور تمام شعبوں میں ریکارڈ ساز کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔موصوف مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سات نئے میڈیکل کالجوں اور دو اے آئی آئی ایم ایس کو عنقریب چالو کیا جائے گا جبکہ رشوت سے صاف انتظامیہ کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔سی آر پی ایف کے رول اور کارکردگیوں کی سراہنا کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’چاہئے امن و قانون کا قیام ہو، جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو یا نکسل واد کا خاتمہ ہو سی آر پی ایف نے ملک کے سب سے بڑے فورس ہونے کے اعزاز کو قائم رکھا ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’اس فورس کے عزم و استقلال کو کبھی بھولا نہیں جائے گا، فرائض کی انجام دہی کے دوران سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی قربانیوں کو سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا اور ان شہدا کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا‘۔امیت شاہ نے کہا مرکز سی آر پی ایف کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے پر عزم ہے اور اس فورس کو جدید ٹیکنالوجی و ساز وسامان سے مسلح کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شام پرساد مکھرجی اور پنڈت پریم ناتھ ڈوگرا کا خواب ’ایک پردھان، ایک ودھان اور ایک نشان‘ شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔قابل ذکر ہے کہ موصوف مرکزی وزیر داخلہ جمعے کی شام اپنے دو روزہ دورے پر جموں پہنچے۔

Related Articles