245 یوکرینی باشندوں کی ناروے میں سیاسی پناہ کی درخواست

اوسلو،مارچ۔ناروے میں 245 یوکرینی باشندوں نے سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے۔نارویجن ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن (UDI) نے گزشتہ ہفتے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے یوکرینی باشندوں کی طرف سے پناہ کی کْل 245درخواستیں رجسٹر کی ہیں۔ UDI نے گزشتہ روز مطلع کیا کہ صرف جمعرات کو یوکرین سے 116 پناہ کے متلاشیوں کو رجسٹر کیا گیا تھا،ایک دن پہلے یہ تعداد 70تھی۔ نارویجن ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن کے مطابق ہر وہ شخص جو ناروے میں تحفظ کے لیے درخواست دیتا ہے،اسے پناہ گزینوں کے استقبالیہ مرکز میں ٹھہرایا جاتا ہے۔ یوکرین پناہ گزینوں کوسب سے پہلے Råde میں نیشنل ارائیولز سنٹر میں وصول کیا جائے گاکیونکہ یوکرین کی صورتحال اور پناہ گزینوں کی ممکنہ بڑی آمد کی وجہ سے مرکز اسٹینڈ بائی پر ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے مطابق 24 فروری کو روس کے حملے کے آغاز کے بعد سے 1.2 ملین سے زیادہ لوگ یوکرین سے ہمسایہ ممالک میں جا چکے ہیں۔ یورپی کمیشن نے یوکرین سے آنے والے تمام مہاجرین کو عارضی رہائش دینے کا فیصلہ کیا ہے۔جمعہ کی سہ پہر تک یہ معلوم نہیں تھا کہ ناروے بھی ایسا ہی کرے گا یا نہیں، ناروے پولیس امیگریشن یونٹ (PU) کا کہنا ہے کہ وہ پناہ کے متلاشیوں کی شناخت اور استقبال کی وضاحت کی صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں۔

 

Related Articles