پیٹ کمنز کا دورہ پاکستان کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

کراچی،فروری۔آسٹریلین ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ پاکستان میں آسٹریلین ٹیم کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن اور دورے کے لیے پرجوش ہیں۔خبر وں کے مطابق آسٹریلین ٹیم دورے کے لیے دو دن بعد آسٹریلیا سے روانہ ہوگی اور انہیں 4 مارچ سے شروع ہونے والے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے قبل تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت ملے گا۔ون ڈے اور ٹی20 سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کراچی اور لاہور میں ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ہم سب سیکیورٹی سے مطمئن ہیں، موجودہ حالات میں بائیو سیکیورٹی کی اضافی سطح بھی موجود ہے لہٰذا ہم واقعی اچھا محسوس کر رہے ہیں اور ایک بار جب ہم وہاں پہنچ گئے تو ہم صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز کر سکیں گے۔آسٹریلین کپتان نے دورے کو خاص قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم وہاں جا رہے ہیں اور پہلی بار وہاں کھیلنے کا تجربہ حاصل کریں گے، ہم واقعی پرجوش ہیں۔یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔اس کے بعد پاکستان ٹیم نے تقریباً ایک دہائی تک اپنی تمام ہوم ٹیسٹ سیریز نیوٹرل مقام پر کھیلیں، پاکستان کو بیرون ملک ہوم انٹرنیشنل میچز کھیلنے پر مجبور کیا گیا البتہ 2015 میں محدود اوورز کی کرکٹ اور پھر پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کی بدولت ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا سفر شروع ہوا۔تاہم پچھلے سال سیکیورٹی خدشات اس وقت منڈلانے لگے تھے جب پاکستان آمد کے بعد میچ کے انعقاد سے چند گھنٹے قبل 18 سال بعد پاکستان آنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی تھی۔آسٹریلیا کی ٹیم تاریخی ایشز سیریز میں انگلینڈ کو 0-4 سے شکست دینے کے بعد پاکستان کے دورے پر آ رہی ہے اور سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ممکنہ طور پر انگلینڈ کے خلاف کھیلنے والی ٹیم کو ہی میدان میں اتارا جائے گا۔پیٹ کمنز نے تصدیق کی کہ سری لنکا کے خلاف زخمی ہونے والے اسٹیو اسمتھ صحت یاب ہو گئے ہیں اور وہ فائنل الیون کا حصہ ہوں گے۔باؤلنگ اٹیک کمنز، جوش ہیزل وْڈ اور مچل اسٹارک کے ساتھ ساتھ ساتھ آف اسپنر نیتھن لائن پر مشتمل ہوگا۔تاہم سیریز میں ممکنہ اسپن وکٹوں کے پیش نظر آسٹریلیا نے اسکواڈ میں دو اضافی اسپنرز مچل سویپسن اور ایشٹن ایگار کو منتخب کیا ہے۔جسٹن لینگر کی جگہ عبوری کوچ کی ذمے داریاں نبھانے والے اینڈریو میک ڈونلڈ نے کہا کہ ہم فاسٹ اور اسپن باؤلنگ سمیت تمام پہلوؤں کا احاطہ کر رہے ہیں، ہم محسوس کرتے ہیں کہ اسکواڈ متوازن ہے اور ہم جب بھی میدان میں اتریں گے تو ہمیں کافی آپشنز دستیاب ہوں گے۔

Related Articles