شاہ سلمان کی ہدایت پر لبنانی میڈیا پرسن کی اہلیہ کے علاج کے اقدامات

ریاض،فروری۔سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے لبنانی میڈیا پرسن طارق ابو زینب کی اہلیہ کے علاج کی منظوری دے دی گئی ہے۔ مذکورہ خاتون پھیپھڑے اور چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہے۔طارق ابو زینب خلیجی امور میں دل چسپی رکھنے والے میڈیا پرسن ہیں۔ لبنان میں علاج کی سہولت نہ ہونے کے سبب طارق اپنی اہلیہ کے حوالے سے نا امید ہو چکے تھے۔ اس پر ان کے ذہن میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اپیل کا خیال آیا۔اپیل ارسال کرنے کے محض چند روز بعد ہی شاہ سلمان کی جانب سے اس بات کی منظوری دے دی گئی کہ طارق ابو زینب کی اہلیہ کو فضائی ذریعے سے طبی انخلا کے ساتھ ریاض کے خصوصی ہسپتال پہنچایا جائے۔ ساتھ ہی مریضہ کو علاج کی تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں۔طارق ابو زینب نے اپنی تازہ ٹویٹ میں خادم حرمین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لیے اظہارِ تشکر کیا۔ طارق کے مطابق اس انسان دوست اقدام نے لبنانی میڈیا پرسن کی زندگی میں امید کی شمع روشن کر دی ہے۔

Related Articles