کثرت میں وحدت، بھارت کی پہچان:نقوی

اجمیر شریف میں خواجہ معینُ الدّین چشتی (رح) کے 810ویں سالانہ عرس کے موقعہ پر وزیرِ اعظم کی جانب سے چادرپیش

اجمیر (راجستھان)،/ فروری۔ مرکزی وزیر برائے اقلیّتی امور اور ڈپٹی لیڈر، راجیہ سبھا، جناب مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ وزیرِ اعظم یندر مودی کے صوفیوں کے تخیّل، سنتوں کی تہذیب اور سماج کی مکمّل خود مختاری کا عزم ہی ہندوستان کو وِشو گُرو بنانے کا مضبوط نسخہ ہے۔مسٹر نقوی نے آج یہاں درگاہ اجمیر شریف میں خواجہ معینُ الدّین چشتی (رح) کے810ویں سالانہ عرس کے موقعہ پر عزّت مآب وزیرِ اعظم کی ” چادر “ پیش کی اور بڑی تعداد میں موجود سماج کے سبھی طبقات کے افراد کو اُن کے پیغام کو پڑھ کر سُنایا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ، ” خواجہ معینُ الدّین چشتی (رح) کے 810 ویں سالانہ عر س کے موقع پر دُنیا بھر میں اُن کے پیروکاروں کو مبارکباد اور تہہِ دل سے نیک خواہشات۔ دُنیا کو انسانیت کا پیغام دینے والے عظیم صوفی سنت کے عرس کے موقعہ پر اجمیر شریف میں چادر بھیجتے ہوئے میں اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔“ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ، ’’ کثرت میں وحدت، بھارت کی پہچان ہے۔ ملک میں مختلف فرقوں، طبقات اور عقائد کی ہم آہنگی سے بھرپور، بقائے باہمی ہی ہماری خصوصیت ہے۔ مختلف اَدوار میں ملک کے سماجی۔ثقافتی تانے۔بانے کو مضبوطی فراہم کرنے والے سنتوں، مہاتماؤں، پیر وں اور فقیروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اِس شاندار روائت میں خواجہ معینُ الدّین چشتی (رح) کا نام پورے عزّت وَ احترام اور عقیدت کے ساتھ لیا جاتا ہے جِنھوں نے سماج کو محبّت اور ہمدردی کا پیغام دیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ، ” غریب نواز کے نظریات اور خیالات سے نسلوں کی مُسلسل حوصلہ افزائی ہوتی رہے گی۔ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی مثال یہ عرس عقیدتمندوں کے ایمان اور یقین کو مزید پُختہ بنائے گا۔ اِسی یقین کے ساتھ خواجہ معینُ الدّین چشتی(رح) کے سالانہ عُرس کے موقع پر میں درگاہ اجمیر شریف سے ملک کی خوشحالی اور امن وَ آشتی کی خواہش کرتا ہوں۔“ عالیجناب وزیرِ اعظم کے ذریعہ بھیجی گئی ” چادر “ کا وہاں موجود لوگوں نے پورے عزّت وَ احترام کے ساتھ استقبال کیا اور خواجہ غریب نواز (رح) کے دربار میں ”چادر“ پیش کی۔اِس موقعہ پرمسٹر نقوی نے کہا کہ آج دُنیا جس رہنما کی طرف اُمّید اور یقین کے ساتھ عالمی اَمن کے ہیرو کی شکل میں دیکھ رہی ہے، وہ اِنھیں صوفی۔سنتوں کی دعاؤں اور برکتوں اور سماج کی حمائت کا نتیجہ ہے۔وزیرموصوف نے کہا کہ خواجہ غریب نواز (رح) کی زندگی ہمیں سماجی ہم آہنگی اور وحدانیت کی طاقت کو مزید مضبوط کرنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جس سے کہ ہم ٹکراؤ۔بِکھراؤ پیدا کرنے والی طاقتوں کو شکست دے سکیں۔ خواجہ معینُ الدّین چشتی(رح) کی تعلیم ” عالمی اَمن کی موئثّر قرارداد “ ہے اور ہندوستانی تہذیب۔ قرارداد۔ثقافت کا با معنی پیغام ہے۔

Related Articles