امت شاہ اعظم کے گڑھ میں گھر گھر دستک دیں گے

رام پور، جنوری ۔ اتر پردیش میںاسمبلی انتخابات کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ 31 جنوری کوسماج وادی پارٹی (ایس پی) کے بڑے لیڈر اعظم خان کے گڑھ رام پور میںبھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدواروں کے لیے گھر گھر جا کر ووٹ مانگیں گے۔ اس الیکشن میں بی جے پی نےرام پور ضلع کی پانچ اسمبلی سیٹوں پر پوری طاقت جھونکتے ہوئے شاہ کو بھی ایس پی کے اس گڑھ میں تشہیر کے لیے اتار دیا ہے۔ بی جے پی ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق شاہ آنے والے پیر کو رام پور اور بلاس پور اسمبلی سیٹوں پر انتخابی مہم چلائیں گے۔شاہ رام پور سیٹ پر بی جے پی امیدوار آکاش سکسینہ کے لیے مہم چلائیں گے۔ آکاش سکسینہ اعظم کے خلاف جاری زیادہ تر مقدمات میں شکایت کنندہ ہے۔ وہیں بلاس پور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی نے موجودہ ایم ایل اے بلدیو سنگھ اولکھ کو ٹکٹ دیا ہے۔ اولکھ یوگی حکومت میں جل شکتی کے وزیر مملکت ہیں۔ غور طلب ہے کہ سو سے زیادہ مجرمانہ مقدمات میں جیل میں بند اعظم خان خود رام پور سیٹ سے ایس پی امیدوار ہیں۔ وہ جیل سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ جب کہ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم خان سوار سیٹ سے ایس پی امیدوار ہیں۔رام پور سے موجودہ ایم پی اعظم خان اس سیٹ سے 9 بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ اعظم کے گڑھ رام پور میں ایس پی کے قلعے کو توڑنے کے لیے پوری طاقت جھونک دی گئی ہے۔رام پور صدر کے ساتھ ساتھ دیگر 4 سیٹوں پر بھی بی جے پی کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے ٹھیک پہلے ایک ماہ میں دو بار رام پور آئے ہیں۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر مختار عباس نقوی جو رام پور کو اپنی کرم بھومی مانتے ہیں، بی جے پی کے پانچوں امیدواروں کی نامزدگی میں بھی موجود تھے۔

 

Related Articles