عام آدمی پارٹی پنجاب کے عوام کی رائے سے سالانہ بجٹ تیار کرے گی: کیجریوال

چنڈی گڑھ، جنوری ۔عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ اگر پنجاب اسمبلی انتخابات میں پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ریاست کا سالانہ مالی بجٹ بھی پنجاب کے عوام کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو جن مسائل اور پریشانیوں کا سامنا ہے، ان کے حل کے لیے ان کے پاس بہترین تجاویز بھی ہیں۔ دہلی میں ان کی حکومت ایسا ہی بجٹ تیار کرتی ہے۔مسٹر کیجریوال نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ اگر عآپ کی حکومت پنجاب میں بھی بنتی ہے تو اسی طرح کا بجٹ تیار کیا جائے گا۔ پنجاب کا بجٹ تیار کرنےسے پہلے پنجاب کے عوام خصوصاً تاجروں، کسانوں، مزدوروں، خواتین، نوجوانوں، بزرگوں اور ملازمین سمیت تمام طبقات کی رائے ضرور لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی پنجاب کے عوام اور تاجروں اور کاروباریوں سے ملاقات کے دوران ملنے والی تجاویز کو بجٹ میں شامل کرے گی اور ان کے مسائل حل کرے گی۔ ریاست کے نظر انداز اور محروم طبقات کو اپنے مسائل براہ راست حکومت تک لے جانے کا موقع ملے گا اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے بجٹ اور اسکیموں میں ان کی رائے اور تجاویز کو شامل کرے گی۔

Related Articles