بھگونت مان پنجاب میں’آپ‘کے وزیر اعلیٰ کا چہرہ ہوں گے

نئی دہلی/پنجاب، جنوری۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں دو بار کے سنگرور کے ایم پی بھگونت مان کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے چہرے کے طور پر مقابلہ میں اترے گی۔آپ کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے منگل کو موہالی کلب میں یہ اعلان کیا۔ اس طرح آپ ریاست کی پہلی پارٹی بن گئی ہے جس نے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورا پنجاب عام آدمی پارٹی کی طرف امید کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے۔ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور مجھے یقین ہے کہ بھگونت مان ہر پنجابی کے چہرے پر مسکراہٹ لائیں گے۔ اگر میں خود بھگونت مان کو پارٹی کا سی ایم چہرہ بناتا تو لوگ کہتے کہ دوسری پارٹیوں کی طرح کجریوال بھی اقربا پروری میں ملوث ہیں۔ اسی لیے ہم نے فون نمبر جاری کیا اور پنجاب کے تین کروڑ لوگوں سے پوچھا کہ آپ بتائیں پنجاب کا وزیراعلیٰ کاچہرہ کون ہونا چاہیے؟ ہمیں پورے پنجاب سے ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور کال کے ذریعے 21 لاکھ 59 ہزار 437 جوابات ملے، جن میں سے 93.3 فیصد لوگوں نے بھگونت مان کا نام’ ‘آپ‘ کے سی ایم چہرے کے طور پر لیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کے لیے کئی لحاظ سے ایک تاریخی دن ہے۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کا وزیراعلیٰ چہرہ کون ہونا چاہئے؟ پنجاب کا ہر فرد اس کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہے۔ میں جہاں بھی جاتا تھا لوگ ایک ہی سوال کرتے تھے کہ دولہا کون ہے؟ عام آدمی پارٹی کا سی ایم چہرہ کون ہے؟ میں سب کو کہتا تھا کہ صبر کرو کیونکہ صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے۔ ہم آپ کو ایسا وزیراعلیٰ چہرہ دیں گے جس پر ہر پنجابی کو فخر ہو گا۔ آج اس کا اعلان کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ہم وزیراعلیٰ کے چہرے کو تلاش کرنے کے لیے ایک مختلف عمل سے گزرے۔ پنجاب میں ہم نے دیکھا ہے کہ دوسری روایتی پارٹیوں میں کوئی اپنے بیٹے کو وزیراعلیٰ بناتا ہے، کوئی اپنی بہو کو اور کوئی اپنے خاندان کا آدمی بناتا ہے۔دریں اثنا، آپ پنجاب کے سربراہ اور ایم پی بھگونت مان جذباتی ہو گئے اور جب انہیں پارٹی کا وزیر اعلیٰ کا چہرہ قرار دیا گیا تو وہ رو پڑے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پنجاب کے عوام اور پارٹی نے جو ذمہ داری سونپی ہے وہ اسے دوہرے جذبے سے نبھائیں گے۔ ان کا خواب پنجاب کی رونقیں واپس لانا ہے۔مسٹر مان نے کہا کہ آج پنجاب کے لیے بہت بڑا دن ہے۔ پنجاب کے لوگ یقیناً بہت متجسس رہے ہوں گے کہ عام آدمی پارٹی کا وزیراعلیٰ چہرہ کون ہوگا؟ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں عام آدمی پارٹی کا سچا سپاہی ہوں۔ اگر پوسٹر چسپاں کرنے کی ڈیوٹی لگائی جائے تب بھی میں پوسٹر چسپاں کروں گا بشرطیکہ میرا پنجاب ٹھیک کردو ہو۔ اگر میری ڈیوٹی لدھیانہ کے کسی چوک میں جھاڑو لگانے کی لگائی گئی تو میں یہ کام کروں گا، بشرطیکہ میرا پنجاب ٹھیک کردو۔ جب میں کامیڈین تھا تو لوگ میرا چہرہ دیکھ کر ہنستے تھے۔ میری زندگی میں اتنی بڑی تبدیلی آئے گی، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔اب جب میں کسی بھی جلسے یا ریلی وغیرہ میں جاتا ہوں تو لوگ میرا چہرہ دیکھ کر رونے لگتے ہیں کہ پنجاب بچاؤ۔ ہمارے بچے غلط صحبت میں پڑ گئے ہیں۔ میں اکثر کہا کرتا تھا کہ نجات دہندہ خدا ہے یا نجات دہندہ عوام ہے، تم لوگ ہو۔ عوام کو آگے آنا ہوگا۔ ہم صرف ایک ذریعہ بن سکتے ہیں۔ اے پی جے عبدالکلام نے کہا تھا کہ ’’خواب وہ نہیں جو نیند میں دیکھے جائیں، خواب وہ ہوتے ہیں جو سونے نہ دیں۔‘‘ پنجاب کو پھر سے اچھا پنجاب بنانے کا خواب عام آدمی پارٹی کو سونے نہیں دیتا۔ پنجاب کے نوجوانوں کو روزگار دینے کا خواب آپ کو سونے نہیں دیتا۔ پنجاب کی زراعت کو بہتر بنانے کا خواب سونے نہیں دیتا۔ روزگار بڑھانے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا خواب پنجاب کے تاجروں کو امن کا ماحول دے کر پوری عام آدمی پارٹی کو دوبارہ سونے نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ آج پارٹی نے مجھے بہت بڑی ذمہ داری دی ہے۔ پارٹی کے ساتھ ساتھ پنجاب کے لاکھوں لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ اب مجھ پر دوہری ذمہ داری آ گئی ہے۔ اس لیے اب میں دوہرے جوش کے ساتھ کام کروں گا۔ پہلے تو ہمیں نیند نہیں آتی اور شروع ہی سے اس کام میں لگے رہتے ہیں۔ پنجاب کو سنوارنے، عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لیے اقتدار کا سبز رنگ کا قلم ہمارے ہاتھ میں آجائے تو وہ قلم ہمیشہ ضرورت مندوں اور غریبوں کے لیے کام کرے گا، وہ قلم کسی چیلے چپاٹے یا چمچوں کے کام نہیں آئے گا۔ ہمارا پہلا مقصد یہ ہے کہ ہم سب سے پہلے پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنائیں۔ پنجاب کئی بار گرا، پنجاب کئی بار کھڑا ہوا۔ پنجاب کھڑا ہونا جانتا ہے۔ پنجاب کے نوجوان روزگار کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں، ہم انہیں بھی روکیں گے اور یہاں ان کی ڈگری کے مطابق نوکریاں دیں گے۔ کس کا دل چاہتا ہے کہ وہ اپنا گھر بار چھوڑ کر نوکری کے لیے بیرون ملک چلا جائے۔ میری اپیل ہے کہ ہم سب کو محنت کرنی ہوگی۔ اگر عام آدمی پارٹی کی حکومت بنے گی تو پنجاب کے تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر مان اس وقت سنگرور کے ایم پی ہیں اور اسی لوک سبھا حلقہ کے دھوری اسمبلی حلقہ سے اسمبلی الیکشن لڑنے جارہے ہیں۔

Related Articles