کسانوں کو برباد کرنے والے دکھا رہے ہیں ’ریوالونگ فنڈ‘ کا خواب:موریہ
لکھنؤ:جنوری۔سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو کے ذریعہ کسانوں سے کئے گئے وعدوں پرطنز کستے ہوئے اترپردیش کے نائب وزیر اعلی کیشوپرساد موریہ نے کہا کہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد کا خوف دکھا کر کسانوں کو برباد کرنے والے آج کسانوں کو جھوٹے وعدوں سے ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن کسان اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔موریہ نے پیر کو پارٹی دفتر میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ اکھلیش یادو کو یہ اچھی طرح سمجھ لیناچاہئے کہ جھوٹے سنکلپ کی زمین پر کسی کا متبادل بننے کی کھیتی نہیں ہوسکتی۔ اچھا ہوتا کہ اکھلیش سنکلپ کا مطلب بھی سمجھ پاتے۔اگر انہیں کسانوں کی فکر رہی ہوتی تو جب عوام نے پورے پانچ سال کا موقع دیا تھا تب وہ سینچائی، گنا قیمتوں کی ادائیگی، ایم ایس پی پر خرید جیسے بنیادی کام کرتے۔لیکن بجائے اس کے انہوں نے چینی ملیں بند کرنا پسند کیا۔ گنا کسانوں کا کروڑوں روپئے کی ادائیگی پھنسائے رکھنے میں مزہ آیا۔ دلالوں کو لگا کر کسانوں کی فصل اونے ۔پونے داموں پر خریدنا پسند آیا۔ایسے کاموں کی شہرت اپنے نام کرنے والے اکھلیش آخر کس منھ سے اس اناج کو ہاتھ میں لے کر سنکلپ لے رہے ہیں جسے کسان اپنے خون پسینے سے پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جھوٹ کے شہنشاہ‘فارمرس ریوالونگ فنڈ‘بنانے اور کسانوں کو 15دنوں میں گنا بقایا جات کی ادائیگی کرنے کا وعدہ کررہے ہیں۔ بہتر ہوتا کہ اس سنکلپ کے ساتھ وہ اپنے اور بی جے پی حکومت کے ذریعہ کسان مفاد میں کئے گئے کاموں کی تفصیلات بھی کسانوں کو بتا دیتے۔ ہمت ہوتی تو یہ بھی ظاہر کردیتے کہ کسانوں کو اناج و گنا قیمتوں کی کتنی ادائیگی انہوں نے کی تھی اور کتنی اکھلیش یادو نے کی۔نائب وزیر اعلی نے کہا کہ ایس پی۔ بی ایس پی،کانگریس ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ ان کی ایک ہی سیاست ہے جو بھی اسکیم بنے اس کا 15فیصدی ہی اصل مستحقین تک پہنچے بقیہ یہ غبن کرجائیں۔ بی جے پی حکومت نے اس پر لگام لگانے کا کام کیا ہے۔ ریاست ہی نہیں ملک کے کسانوں کی حمایت کسانوں کے ساتھ تھی اور رہے گی۔