تلنگانہ میں آمرانہ طرز حکمرانی نہیں چلے گا: ہیمنت بسوا شرما

حیدرآباد۔ جنوری۔آسام کے وزیراعلی ہیمنت بسوا شرما نے مغل، نظام اور اویسی خاندان کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے ضلع ورنگل میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی تاریخ کہتی ہے کہ بابر، اورنگ زیب اورنظام کا نام نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دفعہ 370 کا خاتمہ کیا گیا، رام مندر کی تعمیر کا آغاز ہوا اسی طرح نظام اور اویسی کا نام بھی ختم ہوجائے گا۔ وہ دن دور نہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نظام کی وراثت ختم ہوگی اور ہندوستانی تہذیب پر مبنی نئی ثقافت ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آمرانہ طرز حکمرانی نہیں چلے گا، جب کبھی آمرانہ لیڈر وزیراعلی یا وزیراعظم بنا ہے ملک میں ایمرجنسی جیسی صورتحال شروع ہوئی۔ ہمیں جدوجہد جاری رکھنی ہوگی جس کے ذریعہ نئے تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئے گی۔ بسوا کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تلنگانہ کی حکمراں جماعت ٹی آر ایس کی رکن کونسل کے کویتا نے کہا کہ ان کے بیان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ تلنگانہ کی عظیم تاریخ کو بی جے پی ختم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسوا اور ان کی پارٹی اتحاد کے نظریہ سے کیوں خوفزدہ ہے؟ کویتا جو وزیراعلی چندرشیکھرراو کی دختر ہیں، نے پوچھا کہ آیا 2018 کے فیصلہ کو بسوا بھول گئے جہاں پر بی جے پی ریاست کی 107 نشستوں پر ضمانت سے محروم ہوگئی تھی۔ ان کے اس ٹوئیٹ پر بسوا نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ریمارکس کا دفاع کیا اور کہاکہ انہوں نے موجودہ دور کے تلنگانہ کے اتحاد اور بھارت ورش کی عظمت سے اس کو جوڑنے کی بات کی ہے۔

 

Related Articles