پنجاب کانگریس میں سب جوکر : کیجریوال

گرداس پور، دسمبر ۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سپریمو اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعہ کو کہا کہ پنجاب کانگریس ایک سرکس میں بن چکی ہے اور اس کے سبھی رہنما ’جوکر ‘(مسخرے) کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں۔مسٹر کیجریوال نے یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بہت کمزور حکومت ہے جو لوگوں کو تحفظ اور مخلص ’گورننس‘ نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سبھی رہنما آپس میں لڑ رہے ہیں۔ پنجاب کانگریس مکمل طور پر ’سرکس‘ بن چکی ہے اور اس کے تمام رہنما جوکر( مسخرے) ہیں۔لدھیانہ بم دھماکوں کو انتخابی سازش قرار دیتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ پنجاب کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہر بار الیکشن کے دوران دھماکے اور بے ادبیاں کیوں ہوتی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران منڈی موڑ میں بم دھماکہ ہوا تھا اور بارگاڑی میں سری گرنتھ صاحب کی بے حرمتی ہوئی تھی لیکن پانچ سال گذرنے کے باوجود کسی بھی مجرم کو سزا نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجرموں کو پہلے سزا مل جاتی تو آج یہ واقعات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات کر کے اس کے ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔پانچ ’گارنٹیوں‘ کا اعلان کرتے ہوئے اے اے پی سپریمو نے کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے پر پنجاب کو مضبوط، مستحکم اور ایماندار حکومت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں بھرتیوں کے لیے رشوت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگراے اے پی کی حکومت بنتی ہے تو اچھے کردار کے افسران کو تعینات کیا جائے گا اور پولیس پر کوئی دباؤ نہیں ہوگا تاکہ پولیس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے۔دہلی کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کنور وجے پرتاپ سنگھ ایک ایماندار انسپکٹر جنرل آف پولیس تھے۔ انہوں نے برگاڑی بے ادبی کی تفتیش کی اور اس میں بڑے رہنماؤں کو ملوث پایا لیکن حکومت نے ان کی تفتیشی رپورٹ رد کر دیا۔دوسری گارنٹی دیتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ پنجاب میں اب تک ہونے والی تمام بے ادبیاں اور بم دھماکے ہوئے ہیں‘ ان کے لیے ذمہ دار وں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔ تیسری گارنٹی کے طور پر، انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کی بین الاقوامی سرحدوں کے ایک ایک انچ کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے تاکہ پاکستان کی طرف سے منشیات کی سمگلنگ نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے آنے والے ڈرون کو روکنے کے لیے فوجیوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ہتھیار فراہم کیے جائیں گے۔ پانچویں گارنٹی دیتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اگر پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو ریاست میں تمام مذہبی مقامات کی حفاظت کے لیے ایک علیحدہ پولیس فورس تشکیل دی جائے گی۔کیجریوال نے کہا کہ 2017 کے انتخابات کے وقت کانگریس کے رہنما کیپٹن امریندر سنگھ نے گٹکا صاحب کا حلف لیا تھا اور کہا تھا کہ ایک مہینے میں نشہ ختم کر دیں گے، لیکن پانچ سال گزرنے کے بعد بھی نشہ پہلے کی طرح جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی اور ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے اکالی دل لیڈر بکرم مجیٹھیا کے خلاف مقدمہ درج کر کے اپنی پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اے اے پی کی حکومت بنتی ہے تو چھ ماہ میں ریاست کو منشیات سے پاک کر دیا جائے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اس بار دہلی کے اسکولوں میں 99.7 فیصد نتائج آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام سرکاری اسکولوں کو دہلی کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے محلہ کلینک قائم کرکے لوگوں کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ پنجاب کے اسپتالوں میں عوام کا مفت علاج بھی کیا جائے گا۔ دہلی کی طرح ریاست میں مزید 24 گھنٹے مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔مسٹر کیجریوال 25 دسمبر کو امرتسر میں آشا کارکنوں اور اساتذہ سے ملاقات کریں گے اور امرتسر میں ترنگا یاترا بھی نکالی جائے گی۔ پٹھان کوٹ اور جالندھر کے بعد یہ تیسرا شہر ہوگا جہاں مسٹر کیجریوال ترنگا یاترا نکالنے جارہے ہیں۔

 

Related Articles