کیمیکل فیکٹری میں زبردست آتش زدگی،کروڑوں کی املاک خاکستر

کوٹا، دسمبر ۔ کوٹا کے اندرا پرستھ صنعتی علاقے میں آج صبح ایک کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے کی مالیت کا کیمیکل خاکستر ہوگیا۔فائر ڈپارٹمنٹ کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کوٹہ کے جھالاوار روڈ پر اندرا پرستھا انڈسٹریل ایریا کے روڈ نمبر 3 پر واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں صبح تقریباً 8 بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس نے کچھ ہی دیر میں فیکٹری کے احاطے کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد کوٹا میونسپل کارپوریشن کے فائر ڈپارٹمنٹ، کوٹا سپر تھرمل پاور اسٹیشن اور ڈی سی ایم فیکٹری کے چھ فائربریگیڈ موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ اس کے شعلے کئی میٹر بلند ہو رہے تھے ۔جب کہ وہاں سے اٹھنے والا دھواں کئی کلومیٹر دور سے صاف دکھائی دے رہا تھا۔ ادویات بنانے کے لیے استعمال ہونے والا کیمیکل نجی گروپ کی اس فیکٹری میں تیار کیا جاتا ہے جس میں سے زیادہ تر برآمد کیا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں پہلے کیمیکل سے بھرے ٹینکر میں آگ لگی جو پھٹ گیا اور جلد ہی آگ فیکٹری کے احاطے کے دیگر حصوں تک پھیل گئی۔ آگ لگنے کے بعد فیکٹری کے اطراف کے علاقے کو حفاظت کے لیے خالی کرا لیا گیا۔ تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے سے فیکٹری میں موجود کئی کروڑ مالیت کا کیمیکل خاکستر ہوگیا۔ آگ لگنے سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد شہری ترقیات کے وزیر شانتی دھاریوال نے جے پور کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ (شہر) سے فون پر بات کی اور انہیں آگ پر قابو پانے کے لیے وسائل بڑھانے کی ہدایت دی۔

Related Articles