روجر ہارپر ویسٹ انڈیز کے چیف سلیکٹر کے عہدے سے برطرف

پورٹ آف اسپین، دسمبر۔ویسٹ انڈیز کے چیف سلیکٹر روجر ہارپر کی دو سالہ میعاد 31 دسمبر کو ختم ہونے والی تھی، کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) ان کی میعاد میں توسیع نہیں کرنا چاہتی تھی۔ ہارپر نے 2019 کے آخر میں چارج سنبھالا تھا، ہارپر کی منتخب کردہ ٹیم نے 16 ٹیسٹ میں پانچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ 21 ون ڈے میں 11 میں کامیاب رہی اور 39 ٹی۔ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 21 میں فاتح رہی تھی۔ حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی۔20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے انتخاب نے اس وقت کافی سرخیاں بٹوریں جب جیسن ہولڈر کو ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ میں جگہ نہیں ملی تھی جبکہ روی رامپال کو واپس اسکواڈ میں لایا گیا۔ ہولڈر سابق ویسٹ انڈیز کپتان، نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2021 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے منتخب ہونے سے ٹھیک پہلے، انہوں نے 7.75 کی اکانومی کے ساتھ 16 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہولڈر کو اوبید مکاؤ کے زخمی ہونے کے بعد اہم اسکواڈ میں بھی کھیلنے کا موقع ملا۔ اس کے ساتھ ہی کرس گیل کی سلیکشن پر بھی تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا، جب سابق لیجنڈری کیریبین بولر کرٹلی ایمبروز نے گیل کی سلیکشن پر سوال اٹھایا تھا۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز جنوری میں ایک نئے چیف سلیکٹر کا تقرر کرے گا، اس وقت تک ہیڈ کوچ فل سمن کو اضافی چارج دیا جائے گا۔ تمام طریقہ کار سی ڈبلیوآئی کے ڈائریکٹر جمی ایڈمز کی نگرانی میں کیا جائے گا۔ سمنز کے ساتھ ساتھ سلیکشن کی ذمہ داری تمام فارمیٹس کے کپتانوں پر بھی آئے گی، ٹیسٹ کپتان کریگ براتھویٹ ہیں اور کیرون پولارڈ محدود اوورز میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

Related Articles