مودی جاٹ ریزرویشن کا وعدہ پورا کریں:یش پال ملک

میرٹھ:نومبر آل انڈیا جاٹ ریزرویشن جدوجہد کمیٹی کے قومی صدر یش پال ملک نے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جاٹ سماج کو مرکزی سطح پر او بی سی زمرے میں شامل کرنے کا اپنا وعدہ پورا کریں۔ملک نے یہاں کمیٹی کے ذمہ داران کی منعقد سمیلن میں شرکت کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ آئندہ یکم نومبر سے کمیٹی کے ذریعہ عوامی بیداری مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ جس میں وزیر اعظم مودی سے ان کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کی درخواست کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 26مارچ 2015 کو وزیر اعظم مودی کے ذریعہ سماج کے مختلف تنظیموں کے سکریٹریز، اراکین پارلیمان و اراکین اسمبلی اور نمائندوں وغیرہ کو جاٹ ریزرویشن نافذ کرنے کا تیقن دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی یہی تیقن دیا تھا لیکن آج تک اسے نافذ نہیں کیا گیا ہے۔جاٹ لیڈر نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 کے عام انتخابات سے پہلے بھی ریزرویشن سے متعلق ایسے ہی وعدے کئے گئے تھے۔ جاٹ سماج لمبے وقت سے اس ضمن میں اپنے مطالبات مختلف سطحوں پر اٹھاتا رہا ہے لیکن مایوسی کے علاوہ اسے کچھ نہیں مل سکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش، اتراکھنڈ اور پنجاب اسمبلی انتخابات سے پہلے وزیر اعظم خود اپنے کئے وعدے کو پورا کریں کیوں کہ پورا جاٹ سماج ان سے توقع لگائے بیٹھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں تین ریاستوں سے عوامی بیداری مہم شروع کئے جانے کی تمام تیاریاں پوری کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اترپردیش کی تقریبا 125سیٹوں پر جاٹ سماج انتخابات کو متاثر کرتا ہے اور ریزرویشن دینے پر اس کے مثبت نتائج دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

 

Related Articles