لیبیا:اسپیکرپارلیمان عقیلہ صالح نے صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے

طرابلس،نومبر۔لیبیا کے مشرقی علاقے میں قائم پارلیمان کے اسپیکرعقیلہ صالح نے آیندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں بہ طور امیدوار حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔انھوں نے لیبیا کے مشرقی شہر بنغازی میں ہفتے کے روز ہائی الیکشن کمیشن کے صدردفتر میں جمہوریہ لیبیا کے صدر کے عہدے کا انتخاب لڑنے کے لیے مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی ہیں۔عقیلہ صالح سے پہلے سابق مطلق العنان صدرکرنل معمرالقذافی کے صاحب زادے سیف الاسلام قذافی اور لیبی قومی فوج(ایل این اے) کے سربراہ جنرل خلیفہ حفتر صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنے کاغذات جمع کراچکے ہیں۔عقیلہ صالح نے گذشتہ بدھ کو ٹیلی ویڑن پرایک تبصرے میں کہا تھا کہ عوامی ووٹنگ کسی بھی اتھارٹی کے لیے قانونی حیثیت کا واحد ذریعہ ہے۔خلیفہ حفتر نے گذشتہ منگل کے روز 24 دسمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بہ طور امیدوارحصہ لینے کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے۔انھوں نے اس سے قبل ایک نشری تقریرمیں کہاکہ ’’انتخابات ہی ملک کودرپیش شدید بحران سے نکالنے کا واحد راستہ ہیں۔اس وقت ہمارا ملک اس بحران کی گہری کھائی میں گرچکاہے۔‘‘یہ صدارتی انتخابات سابق صدرمعمرالقذافی کی معزولی کے بعد لیبیا میں گذشتہ ایک عشرے سے جاری افراتفری کے تناظرمیں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور انھیں ملک میں اتحاد ویگانگت کے فروغ کا ذریعہ اور متحارب سیاسی اورمسلح دھڑوں کو ایک دوسرے کے قریب لانیکا ذریعہ قراردیا جارہا ہے۔تاہم انتخابات کی قانونی بنیاد پر کوئی واضح معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے بڑے دھڑے ووٹ کو مسترد کرسکتے ہیں۔

Related Articles