بھارت بند کے دوران ماؤ نوازوں نے جھارکھنڈ میں ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا
رانچی، نومبر۔جھارکھنڈ میں ممنوعہ سی پی آئی-ماؤسٹ پولٹ بیورو کے رکن پرشانت بوس اور ان کی اہلیہ و مرکزی کمیٹی کی رکن شیلا مرانڈی کی گرفتاری کے خلاف آج بھارت بند کو کامیاب بنانے کے لیے ماؤ نوازوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا۔ماؤنوازوں نے کل رات دیر گئے جھارکھنڈ کے ضلع لاتیہر میں ایک ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا، جب کہ مغربی سنگھ بھوم ضلع میں بھی ہوڑہ-ممبئی ریل روٹ پر دھماکے سے ٹریک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ ماؤ نوازوں کی ان کارروائیو ں کی وجہ سے کئی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر گھنٹوں روک دیا گیا، جب کہ کچھ ٹرینیں بدلے ہوئے روٹ پر چلائی جارہی ہیں۔ماؤنوازوں نے دھنباد ریلوے ڈویژن کے ٹوری-لاتیہر ریلوے سیکشن کو رات کے وقت ڈیمو-رچوگھوٹہ کے درمیان ٹریک کو بم دھماکے سے تباہ کر دیا۔ اس واقعے کے بعد ڈاؤن ریلوے لائن پر آپریشن مکمل طور پر ٹھپ ہوگیا۔ ایک ٹرالی بھی پٹری سے اتر گئی۔ تاہم واقعے کے بعد ریلوے کی جانب سے پٹریوں کی مرمت کرکے ٹریفک کو معمول پر لانے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مقامی پولیس بھی علاقہ کا محاصرے کرکے چھاپے مار رہی ہے۔اس وجہ سے سہسرام-رانچی پسنجر کو آج سون نگر-گڑھوا-ٹوری کے بجائے سون نگر-گیا-کوڈرما-راجبیرا-موری کے راستے چلایا جا رہا ہے۔ جبکہ جموں توی-سنبل پوراسپیشل ٹرین گڑھوا-برکاکانہ کے بجائے کوڈرما-گومو کے راستے چلے گی۔ اس کے ساتھ ہی ڈیری آن سون-برواڈیہہ اسپیشل اور برواڈیہہ-نیسوبوگومو اسپیشل ٹرین کو منسوخ کرنا پڑا۔ دوسری جانب ماؤنوازوں نے 24 گھنٹے کے بھارت بند کے دوران ایک بار پھر چکردھر پور ریلوے ڈویژن کو نشانہ بنایا۔ دیر رات ہوڑہ-ممبئی-مین ریلوے لائن پر چکردھر پور اور لوٹا پہاڑ اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی۔ اگرچہ ٹریک کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا ہے، لیکن اس واقعے کی وجہ سے ہوڑہ-پونے ایکسپریس سمیت کئی مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔ ریلوے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ پائلٹ انجن کی مدد سے ٹرینوں کو منزل کی طرف روانہ کیا جائے گا۔اس واقعہ کے بعد چکردھر پور – راؤڑکیلا میمو کو رد کر دیا گیا ہے، جبکہ پونے ہوڑہ آزاد ہند ایکسپریس کو چکردھر پور میں روک دیا گیا ہے۔ اسی طرح سمرستا ایکسپریس کو راج کھرسنوا، پوربندر – ہوڑہ ایکسپریس کو سونووا میں اور پوری ہریدوار اتکل ایکسپریس کو گمہریا اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔