تمل ناڈو میں شدید بارشوں کے باعث مکان گرنے سے نو افراد ہلاک، آٹھ زخمی

چنئی، نومبر ۔تمل ناڈو کے ویلور ضلع کے پرنام بیٹ میں جمعہ کو شدید بارش کی وجہ سے ایک مکان منہدم ہونے سے نو لوگوں کی موت ہو گئی اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ مرنے والوں میں چار بچے اور چار خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے پرنامبیٹ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔حادثہ آج علی الصبح اس وقت پیش آیا جب گھر کے لوگ گہری نیند سو رہے تھے اور گرنے والے مکان کے متاثرین ملبے تلے دب گئے۔پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے لاشوں کو ملبے سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔یہاں اپنے بیان میں مسٹر سٹالن نے کہا کہ وہ اس حادثے سے غمزدہ ہیں جس میں چار بچے اور پانچ خواتین کی موت ہو گئی۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے افراد سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50،000 روپے چیف منسٹر پبلک ریلیف فنڈ سے دینے کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر اسٹالن نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس واقعہ میں زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کریں۔

Related Articles