کنگنا نے اشتہار میں مذہب کو استعمال کرنے پر عالیہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
ممبئی،ستمبر۔بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے ٹیلی ویڑن اشتہار میں مذہب کو استعمال کرنے پر اداکارہ عالیہ بھٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔اداکارہ عالیہ بھٹ حال ہی میں ایک اشتہار میں نظر آئی ہیں جس میں وہ دلہن بن کر اپنے ہونے والے شوہر کے ہمراہ بیٹھ کر یہ کہہ رہی ہیں کہ مجھے گھر والے اکثر کہا کرتے تھے کہ تمہیں ایک دن اس گھر سے رخصت ہونا ہے، کیا میں کوئی شے ہوں جو کسی کو عطیہ کی جاؤں گی؟اشتہار میں اداکارہ نے ہندو رسم ’کنیادان‘ کو بھی ادا کرنے سے انکار کیا ہے۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے اشتہار پر ردعمل دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ مصنوعات بیچنے کے لیے اشتہار میں مذہب کا استعمال، اقلیت و اکثریت کی سیاست کرنا درست نہیں، ایسے اشتہارات کے ذریعے صارفین کو جال میں پھنسانے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ کنگنا رناوت نے اس سے پہلے بھی عالیہ بھٹ کے ایک اشتہار پر تنقید کی تھی۔ کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ میں نے عالیہ بھٹ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خود کو پہچانے۔ اداکارہ نے عالیہ بھٹ کو معروف فلم ہدایت کار کرن جوہر کی کٹھ پتلی قرار دیا تھا۔