ای ڈی ڈائریکٹر کی مدت کار میں توسیع کو سپریم کورٹ نے صحیح ٹھہرایا
نئی دہلی- ستمبر ,سپریم کورٹ نے بدھ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹرسنجے کمار مشرا کی مدت میں کی گئی توسیع میں مداخلت سے انکار کردیا۔
جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس بی آر گوائی کی ڈویژن بینچ نے غیر سرکاری تنظیم کامن کاز کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مشاہدہ کیا کہ نادر اور غیر معمولی حالات میں مرکزی حکومت کے پاس ای ڈی کے ڈائریکٹر کی مدت کار میں دو سال توسیع کرنے کا اختیار موجود ہے۔
عدالت نے کہا کہ پہلے سے چل رہی جانچ کو آسان بنانے کے لئے ایسی توسیع کی جاسکتی ہے۔
عدالت نے مرکزی حکومت کی طرف سے 13 نومبر 2020 کو جاری حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے تاہم واضح کیا کہ مسٹر مشرا کی مدت میں مزید توسیع نہیں کی جانی چاہیے۔
ڈویژن بنچ کی جانب سے جسٹس راؤ نے فیصلے کے کچھ حصے پڑھ کر سنائے۔ عدالت نے کہا کہ مرکزی حکومت کو تاہم مدت کار میں توسیع کے اپنے اختیار کو صرف غیر معمولی حالات میں استعمال کرنا چاہیے۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے کامن کاز کی درخواست خارج کر دی۔ تنظیم نے یہ درخواست نامور وکیل پرشانت بھوشن کے ذریعے دائر کی تھی۔