کانگریس آج ملک کے لئے مسئلہ ہے اور راہل کانگریس کا مسئلہ ہے:شیوراج

بھوپال،مارچ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر گاندھی آج منھ پر تالا لگانے کی ’نوٹنکی‘کر رہے ہیں، کانگریس آج ملک کے لئے مسئلہ ہے اور راہل کانگریس کا مسئلہ ہے۔مسٹر چوہان نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ کانگریس کے لوگ آج زبان پر تالا لگا کے بیٹھے ہیں۔ مسٹر گاندھی نے اپنے زبان پر تب تالا کیوں نہیں لگایا، جب وہ اپنی زبان سے مودی کی ذات کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی کو کس نے حق دیا، پسماندہ طبقات کی توہین کرنے کا۔ کیا پسماندہ طبقات کا ہونا پاپ ہے۔ وہ اپنے آپ کو راجا مہاراجا سے کم نہیں سمجھتے۔وزیر اعلی نے کہا کہ زبان پر اس وقت لگانا تھا جب انہوں نے عدلت کی توہین کی۔وہ کیا بولتے ہیں سن کر حیرت ہوتی ہے۔وزیر اعلی نے مسٹر گاندھی کے بارے میں دعوی کیا کہ خود کو بد قسمتی سے ایم پی بتاکر انہوں نے پارلیمنٹ کی توہین کی۔ لوک سبھا کے رکن ہوتے ہوئے پارلیمنٹ میں کچھ کہہ کر جس طرح سے آنکھ ماری، کیا وہ پارلیمنٹ کا وقار تھا۔ وہ پہلے بھی متنازعہ بیانات دیتے رہے ہیں۔ پنجاب اور یوپی کے نوجوانوں کا مذاق بنایا۔مندر جانے والوں کو چھیڑ چھاڑ کرنے والا بتایا۔ سرجیکل اسٹرائک اور فوج کی توہین کی،اور پھر آرڈیننس پھاڑ کر اپنے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی توہین کی۔ اس وقت زبان پر تالا کیو ں نہیں لگایا۔مسٹر چوہان نے کہا کہ آج وہ (مسٹر گاندھی) تالا لگانے کی نوٹنکی کر رہے ہیں۔ حقیقیت یہ ہے کہ کانگریس ملک کے لئے مسئلہ ہے اور کانگریس کا مسئلہ راہل گاندھی ہیں۔

Related Articles