وزیر اعظم کی ماسک پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل
نئی دہلی ، وزیر اعظم نریندر مودی نے سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) کے وبا کو دیکھتے ہوئے ماسک پہنیں اوردو گز کا جسمانی فاصلہ رکھیں۔
مسٹر مودی کی 70 ویں سالگرہ جمعرات 17 ستمبر کو تھی اور انہیں اس موقع پر بہت سارے مبارکباد کے پیغامات موصو ہوئے اور ان کے بہت سارے خیر خواہ ان سے اس بارے میں جاننا چاہتے تھے کہ انہیں اس موقع پر ان سے کیا توقع ہے ، تومسٹر مودی نے کورونا کے خلاف تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، اپنی قوت مدافعت بڑھانے کے علاوہ اپنی صحت بنانے میں تعاون دینے کی اپیل کی کہ وہ اپنے ملک اور گھر کو صحت مند بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا ’’بہت سے خیر خواہوں نے یہ جاننا چاہا ہے کہ میں اپنی سالگرہ کے موقع پر ان سے کیا توقع کرتا ہوں ، مجھے ان سے ماسک پہننے ، جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے اور دو گز کی دوری کے ضابطوں پر چلنے کی امید ہے۔ پرہجوم علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ اپنی قوت مدافعت کو بہتر بنائیں۔ ایک ساتھ آئیں اور اپنی سرزمین کو صحت مند بنائیں۔‘‘
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا ’’یوم پیدائش کے موقع پر ملک اور دنیا بھر میں میرے خیر خواہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میں ہر خیر خواہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، یہ نیک خواہشات مجھے توانائی بخشتی ہے، جو مجھے اپنے پیارے شہریوں کی زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم کی 70 ویں سالگرہ تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اسے ’سیوا سپتاہ‘ کے طور پر منارہی ہے۔ یہ ہفتہ 14 ستمبر سے شروع ہوا تھا اور 20 ستمبر تک بی جے پی کے ذریعہ ملک بھر میں فلاحی پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔