کمل ناتھ کا شیوراج پر جوابی حملہ
بھوپال، جنوری۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ وزیر اعلی کا کام سوال پوچھنا نہیں ہے بلکہ مفاد عامہ کی اسکیموں کو نافذ کرنا ہے۔مسٹر کمل ناتھ نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ لکھا ہے، میں نے سنا ہے کہ شیوراج جی مجھ سے سوال کر رہے ہیں کہ ہم نے کون سے وعدے پورے کیے ہیں اور کون سے وعدے پورے نہیں کر سکے ہیں۔ ایسے سوالات صرف غیر مستحکم دماغ والا ہی پوچھ سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کام سوال پوچھنا نہیں، عوامی مفاد کی اسکیموں پر عمل کرنا ہے۔ اگر ہمارا اعلان مفاد عامہ میں ہے تو آپ اس پر عمل درآمد کریں۔انہوں نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا ہے کہ ویسے آپ چند ماہ کے لیے سوال بچاکر رکھئے۔ ریاست کے لوگ آپ کو کرسی سے ہٹاکر سوال پوچھنے کے لیے کافی وقت دیں گے۔ میرے خیال میں آپ اسی کی نیٹ پریکٹس کر رہے ہیں۔ریاست میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ سیاسی جماعتیں اب انتخابی موڈ میں نظر آ رہی ہیں اور سوشل میڈیا پر سیاستدانوں کی بیان بازی اور سرگرمی بھی بڑھ رہی ہے۔ مسٹرچوہان بھی پچھلے کچھ دنوں سے مسٹرکمل ناتھ پر حملہ تیز کرتے نظر آ رہے ہیں۔