کچھ سیاسی جماعتیں ‘شارٹ کٹ کی سیاست کرتی ہیں: مودی

ناگپور، دسمبر۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ‘شارٹ کٹ سیاست میں ملوث سیاسی پارٹیوں اور لیڈروں پر تنقید کی اور لوگوں سے ایسی تمام پارٹیوں اور لیڈروں کو بے نقاب کرنے کی اپیل کی۔ مہاراشٹر کے ناگپور کے میہان علاقے میں ایمس میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں ووٹروں کو دھوکہ دے رہی ہیں اور لوگوں سے ان سب کو بے نقاب کرنے کی اپیل کی ۔مسٹر مودی نے اپنے خطاب میں کہا، وہ سیاسی پارٹیاں اور لیڈر جو شارٹ کٹ لیتے ہیں، وہ ملک کے سب سے بڑے دشمن ہیں، جو جھوٹے وعدے کرکے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ حکومت نہیں بنا سکتے۔ میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ترقی کی اہمیت کو سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن پروجیکٹوں کا آج افتتاح کیا گیا اور قوم کو وقف کیا گیا وہ مہاراشٹر میں ترقی کو ایک نئی سمت دیں گے۔ یہ پروجیکٹ ریاست میں بنیادی ڈھانچے کا ایک جامع منظر پیش کرتے ہیں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مہاراشٹر اور مرکز میں ڈبل انجن والی حکومت کتنی تیزی سے کام کر رہی ہے۔اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، مرکزی وزراء نتن گڈکری اور راؤ صاحب دانوے اور دیگر سرکردہ لیڈران بھی موجود تھے۔

Related Articles