امیشا پٹیل کیخلاف قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری، 22 اگست کو پیش ہونیکا حکم

ممبئی،جولائی۔بولی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل لاکھوں روپے ایڈوانس وصول کرنے کے باوجود تقریب میں شرکت نہ کرنے پر بڑی مشکل میں پھنس گئیں۔میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر مراد آباد کی ایک مقامی عدالت نے امیشا پٹیل کو دھوکا دہی کے الزام میں طلب کرلیا ہے۔عدالت میں تقریب کا انعقاد کروانے والی کمپنی نے اداکارہ کے خلاف درخواست دائر کی اور مؤقف اختیار کیا کہ امیشا پٹیل نے 2017 میں پیسے لینے کے باوجود شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔امیشا پٹیل کو 19 جولائی کو طلب کیا گیا تھا مگر وہ نہیں آئیں۔ اب عدالت نے ان کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کرتے ہوئے 22 اگست کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔کمپنی نے درخواست میں کہا کہ امیشا پٹیل نے 16 نومبر 2017 کو 11 لاکھ روپے لیے تھے، انہیں شادی کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا، وہ دہلی میں ہونے کے باوجود تقریب میں نہیں آئیں اور مزید دو لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔کمپنی نے الزام عائد کیا ہے کہ امیشا پٹیل نے اب تک پیسے واپس نہیں کیے۔گزشتہ سال امیشا پٹیل کے خلاف 32 لاکھ 25 ہزار روپے کا چیک باؤنس ہونے کے کیس میں عدالت نے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔اداکارہ پر الزام تھا کہ انہوں نے فلم بنانے کے لیے 2019 میں اندور کے رہائشی سے 10 لاکھ روپے کی رقم ادھار لی تھی جب امیشا نے کمپنی کو دو چیک دیے تو دونوں ہی باؤنس ہوگئے۔امیشا پٹیل نے ’کہو نا پیار ہے‘، ’غدر ایک پریم کتھا‘، ’بھول بھلیا‘ اور ’ہمراز‘ جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ طویل عرصے سے اسکرین سے دور ہیں۔

Related Articles