ہاردک پٹیل 2 جون کو بی جے پی میں شامل ہوں گے

احمد آباد، مئی۔گجرات میں اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل نے تصدیق کی ہے کہ وہ 2 جون کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوں گے۔بی جے پی ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔اس سے پہلے 18 مئی کو مسٹر پٹیل نے کانگریس اور ریاستی قیادت پر حملہ کرتے ہوئے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ ہاردک کے 2 جون کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر گاندھی نگر کے قریب سریکلم کوبا میں باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ وزیراعلی بھوپیندر پٹیل اور پارٹی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل کی موجودگی میں بھگوا پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ 2015 کے پاٹیدار ریزرویشن تحریک کے بعد سرخیوں میں آنے والے 28 سالہ ہاردک پٹیل نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات سے قبل مارچ 2019 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اور جولائی 2020 میں کانگریس نے انہیں پارٹی کا ریاستی کارکن بنایا تھا۔ہاردک نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو اپنے استعفیٰ نامہ میں کئی چیزوں کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے رام مندر اور دفعہ 370 کی منسوخی جیسے مسائل کی وکالت کی تھی۔ اس سے ان قیاس آرائیوں کو ہوا ملی کہ وہ جلد ہی حکمراں جماعت بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے۔ گجرات میں اس سال کے آخر تک اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ یہ بھی قیاس آرائی تھی کہ مسٹر ہاردک پہلے عام آدمی پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ریاست میں ریزرویشن کی پرتشدد تحریک کے دوران انہیں غداری کے دو الزامات پر جیل میں طویل عرصہ گزارنا پڑا۔ ان کے احتجاج کی وجہ سے اس وقت کی وزیر اعلیٰ آنندی بین پٹیل کو اپنے عہدے سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔ریاست میں 2017 کے اسمبلی انتخابات میں اس ایجی ٹیشن کے اثر کی وجہ سے بی جے پی کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی اور وہ کسی طرح اقتدار میں واپس آنے میں کامیاب ہو گئی۔اس سے پہلے کانگریس کے سابق ایم ایل اے الپیش ٹھاکر نے گزشتہ انتخابات میں بی جے پی کی سخت مخالفت کی تھی، پہلے ہی ہی بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں۔

 

Related Articles