’کو لوکیشن‘ گھپلہ معاملے میں گرفتار این ایس ای کی سابق سی ای اورام کرشنا خصوصی عدالت میں پیش
نئی دہلی، مارچ ۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) ’کو لوکیشن‘ کے مبینہ گھپلے کے سلسلے میں گرفتار این ایس ای کی سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او چترا رام کرشنا کو پیر کے روزمرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے عدالت سے ملزمہ کی حراست کی درخواست کی ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔دریں اثنا خصوصی عدالت نے این ایس ای کے سابق گروپ آپریٹنگ آفیسر اور رام کرشنا کے اس وقت کے چیف اسٹریٹجک مشیر آنند سبرامنیم کی سی بی آئی حراست میں 9 مارچ تک توسیع کردی ہے۔ سی بی آئی نے کئی دنوں کی پوچھ گچھ کے بعد 24 فروری کو دیر گئے چنئی میں انہیں گرفتار کیا تھا۔ ملزمان میں شامل رام کرشنا کو اتوار کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا ۔ گرفتاری سے قبل سی بی آئی نے ملزمہ سے این ایس ای میں مبینہ گھپلے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی تھی۔سابق ایم ڈی اور سی ای او چترا نے اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے ہفتہ کو دہلی کی خصوصی عدالت میں پیشگی ضمانت کی درخواست دی تھی، جسے مسترد کر دیا گیا۔ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا ( ایس ای بی آئی) کے نشانے پر پہلے سے رہی ملازمہ رام کرشنا سے متعلق ممبئی اور چنئی کے ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس نے حال ہی میں چھاپے مارے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل سی بی آئی نے 24 فروری کو دیررات این ایس ای کے سابق گروپ آپریٹنگ آفیسر اور رام کرشنا کے چیف اسٹریٹجک مشیر سبرامنیم کو چنئی میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد اگلے دن 25 فروری کو انہیں ورچوئل ذریعے دہلی کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے انہیں 6 جولائی تک سی بی آئی حراست میں بھیج دیا تھا ۔سی بی آئی نے سبرامنیم سے چنئی میں کئی دنوں کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ الزام ہے کہ این ایس ای میں ’کو-لوکیشن‘ یعنی کچھ بروکرز کو مبینہ طور پر ایسی جگہوں پر سرور قائم کرنے کی سہولت دی گئی تھی جہاں سے ان کے کمپیوٹرز کو این ایس ای کے آن لائن ٹریڈنگ کی معلومات کچھ سیکنڈ سے پہلے پہنچ جاتی تھی ۔ سیکورٹیزاینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا ( ایس ای بی ای) کا الزام ہے طے شدہ قواعد و ضوابط کو بالائے طاق پر رکھ کر سبرامنیم کو این ایس ای گروپ کا آپریٹنگ آفیسر اور ایکسچینج کے سی ای او چترا رام کرشنا کے چیف اسٹریٹجک ایڈوائزر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا ۔