شادی پر کرینہ کپور نے والد کی کونسی بات ماننے سے انکار کیا تھا؟
ممبئی،اکتوبر۔بھارتی اداکارہ کرینہ کپور کے والد رندھیر کپور نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی بڑے پیمانے پر کرنا چاہتے تھے لیکن کرینہ نے انکار کردیا تھا۔ اس بات کا انکشاف رندھیر کپور نے ٹیلی ویڑن شو ’دا کپل شرما شو‘ میں میزبان کپل شرما سے گفتگو کرتے ہوئے کیا تھا۔ رندھیر کا کہنا تھا کہ جب کرینہ کپور نے انہیں اپنی شادی کی منصوبہ بندی سے متعلق بتایا تو میں خوش ہوا اور کہا کہ چلو جشن کرتے ہیں، تاہم کرینہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ شادی میں مہمانوں کی تعداد 100 افراد تک محدود رکھنا چاہتی ہیں۔ کرینہ کپور کے والد نے کہا کہ ’کپور خود 350 ہیں، ممبئی میں جو پتھر اٹھاؤ اس میں سے ایک کپور ہوگا اور اداکار بننا چاہتا ہوگا تو 100 افراد کی پارٹی کیسے کرسکتے ہیں۔ رندھیر نے کہا کہ کرینہ کپور نے اس بات کے جواب میں کہہ دیا کہ اگر آپ کو بلانے ہیں تو آپ اپنی شادی پر کرلینا۔ واضح رہے کہ ببیتا کپور رندھیر کپور کی اہلیہ ہیں، تاہم کئی سالوں سے دونوں ایک ساتھ نہیں رہ رہے ہیں، ان کی دو بیٹیاں کرشمہ کپور اور کرینہ کپور ہیں۔ یاد رہے کہ کرینہ کپور کی سیف علی خان سے شادی 16 اکتوبر 2012 کو ہوئی تھی، ان کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔