سیف علی خان مہنگی شادیوں سے خوفزدہ
ممبئی،ستمبر-بھارت کے نواب خاندان سے تعلق رکھنے والے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ اْن کے 4 بچے ہیں اور اْنہیں مہنگی شادیوں سے ڈر لگتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان اور اداکارہ یمی گوتم معروف شو ’دی کپل شرما شو‘ میں بطورِ مہمان شریک ہوئے جہاں اداکار نے مہنگی شادیوں سے خوفزدہ ہونے کا اعتراف کیا۔شو میں گفتگو کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ یمی گوتم نے اپنی شادی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میری شادی کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن کے دوران ہوئی جس میں صرف 20 لوگوں نے شرکت کی تھی۔‘یمی گوتم نے کہا کہ ’میری دادی نے مشورہ دیا تھا کہ شادی میں صرف فیملی کے افراد شامل ہوں اور فضول خرچی نہ کی جائے۔‘اس گفتگو کے دوران سیف علی خان نے سال 2012ء میں کرینہ کپور کے ساتھ اپنی شادی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ چاہتے تھے کہ اْن کی شادی کی تقریب سادہ اور چھوٹی ہوں جس میں صرف خاندان کے افراد شامل ہوں۔‘سیف علی خان نے کہا کہ ’کپور خاندان کے اپنے افراد ہی 200 ہیں تو ہماری شادی میں کافی مہمان شریک ہوئے کیونکہ اْنہیں مدعو کرنا لازمی تھا۔‘اداکار نے اپنے بچوں کی شادیوں کے حوالے سے کہا کہ ’میرے 4 بچے ہیں اور میں ڈر رہا ہوں کیونکہ مجھے مہنگی شادیوں سے بہت ڈر لگتا ہے۔‘واضح رہے کہ سیف علی خان کی پہلی شادی امریتا سنگھ سے ہوئی تھی جن سے اْن کی ایک بیٹی سارہ علی خان اور بیٹا ابراہیم علی خان ہے جبکہ اْنہوں نے دوسری شادی کرینہ کپور سے کی جن میں اْن کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔