امیتابھ بچن کی طبعیت اچانک خراب، ڈاکٹرز کو گھر بْلا لیا گیا
ممبئی،مارچ۔ بالی ووڈ لیجنڈ امیتابھ بچن نے اپنے حالیہ بلاگ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ رات اچانک اْن کی طبعیت بگڑ گئی تھی جس کے باعث ڈاکٹرز کو فوری طور پر ٹریٹمنٹ کیلئے گھر بْلایا گیا۔امیتابھ بچن کئی سالوں سے مداحوں کو اپنی زندگی میں ہونے والے واقعات سے باخبر رکھنے کیلئے بلاگز لکھتے آرہے ہیں جنہیں دنیا بھر میں موجود ان کے مداح بیحد دلچسپی سے پڑھتے ہیں اور یوں اپنے پسندیدہ اداکار سے جْڑے رہتے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے حالیہ بلاگ میں امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ اچانک رات کے وقت ان کی طبعیت بگڑ گئی تھی اور انہیں شدید درد کا سامنا تھا۔اداکار نے بتایا کہ ان کی پسلیوں میں شدید درد اْٹھا جس کے بعد ان کے پیر کے انگوٹھے اور ہاتھ میں بھی شدید درد ہونے لگا جس کی وجہ سے فوری طور پر ڈاکٹرز کو رات گئے ہی گھر پر بْلانا پڑگیا۔امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ ’میری اْبھری ہوئی ہڈیوں اور جلد کے درمیان آبلے پڑ گئے ہیں، یہ بہت ہی عجیب بات ہے نہ کبھی پہلے ایسا سْنا نہ ہی تجربہ کیا تھا مگر اس کی وجہ سے شدید تکلیف میں مبتلا ہوں۔‘امیتابھ بچن نے کہا کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر کام پر جانا چاہتے ہیں ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔یاد رہے کہ اب سے کچھ دن قبل امیتابھ بچن اپنی ایک نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوکر شدید زخمی ہوگئے تھے انہوں نے اپنے بلاگ میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی پسلی ٹوٹ گئی ہے جبکہ بہت ساری چوٹیں بھی آئی ہیں۔