چھوٹی کے آنے سے گھر بڑا ہوگیا
مہیش بھٹ نواسی کی پیدائش پر آبدیدہ
ممبئی،نومبر۔بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار اور فلمساز مہیش بھٹ جنہوں نے بارہا انٹرویوز میں اس بات کا اظہار کیا ہے کہ انہیں نانا کا کردار نبھانا مشکل لگ رہا ہے، اب باضابطہ نانا بننے کے بعد آبدیدہ ہوگئے۔فلمساز مہیش بھٹ گوکہ سوشل میڈیا پر متحرک نہیں رہتے لیکن انہوں نے گزشتہ روز بالی ووڈ کی ہر دلعزیز جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے یہاں پہلے بچے کی ولادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔مہیش بھٹ نے اپنی خوشی کا اظہار کچھ اس طرح کیا کہ ’چھوٹی کے آنے سے گھر بڑا ہوگیا‘۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ’زندگی کے مسلسل چلتی رہتی ہے، ہر لمحے کا اپنا ہی مزہ ہے اور ان سے لطف اندوز ہونا زبردست ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ یہ کل کی ہی بات لگتی ہے جب عالیہ ایک چھوٹی بچی تھی، جسے میں نے اپنی گود میں اْٹھایا تھا، آج وہ ننھی بچی کی ماں بن گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج جب خوشی سے نہال سونی نے مجھے فون کرکے نواسی کی پیدائش کی خبر دی، تو میں ان چند الفاظ کے انداز بیاں کو بیان نہیں کرسکتا اس کی آواز میں جذبات کا ایک سمندر اْمڈ رہا تھا کہ میں بھی آبدیدہ ہوگیا۔انہوں نے میڈیا سے کہا کہ تاحال میں نواسی سے مل نہیں سکا، لیکن ان کی اہلیہ اور بیٹی عالیہ کے ساتھ اسپتال میں ہی ہیں۔واضح رہے کہ جون میں عالیہ بھٹ کی ماں بننے کی خبر آنے کے بعد کئی بار مہیش بھٹ نے اس بات کا اظہار کیا ہے کہ میں تو ابھی تک عالیہ کے والد کا کردار نبھا رہا ہوں سوچتا ہوں کہ عالیہ اب ماں بننے والی ہے۔ مجھے بہت خوشی ہے لیکن نانا کا کردار نبھانا تھوڑا مشکل کام ہوگا۔