عالیہ بھٹ کے پیسے کون سنبھالتا ہے؟

ممبئی،اکتوبر۔معروف بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے اپنے مالی معاملات کے حوالے سے زیادہ معلومات نہیں ہوتیں۔عالیہ بھٹ نے حال ہی میں فوربس انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ہمیشہ سے میری والدہ ہی میرے پیسوں کی دیکھ بھال کرتی رہی ہیں۔ اْنہوں نے بتایا کہ جب میں چھوٹی تھی تو پیسے کے ساتھ میرا تعلق صرف اپنی والدہ کی طرف سے ملنے والے جیب خرچ تک محدود تھا، جسے میں بہت احتیاط سے بچا کر کچھ عجیب و غریب چیزوں پر خرچ کرتی تھی۔اداکارہ نے بتایا کہ مجھے یاد ہے کہ ایک بار ہم لندن گئے تھے اور ہمارے پاس پورے سفر کے دوران خریداری کے لیے صرف 200 پاؤنڈز تھے اور میں نے اس سفر کے دوران 200 پاؤنڈز میں سے 170 پاؤنڈز خرچ کیے۔عالیہ بھٹ نے بتایا کہ میں پہلی بار اتنی بڑی شاپنگ کی جگہ پر جارہی تھی جہاں بہت سارے برانڈز تھے، لہٰذا مجھے اس کی کوئی سمجھ نہیں تھی۔اْنہوں نے بتایا کہ اب بھی، میری والدہ ہی میرے پیسے سنبھالتی ہیں، مجھے تو یہ بھی نہیں معلوم کہ میرے بینک اکاؤنٹ میں ابھی کتنی رقم موجود ہے۔عالیہ بھٹ نے مزید بتایا کہ مجھے تھوڑا بہت اندازہ ہے کہ ابھی میرے پاس اتنے پیسے ہیں، لیکن میں یہ باخوبی جانتی ہوں کہ میری والدہ اس وقت میرے پیسوں کو بہت اچھے طریقے سے سنبھال رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میرا کام صرف پیسے کمانا ہے، اسے سنبھالنے کے لیے میری والدہ موجود ہیں۔

Related Articles