بگ باس میں ساجد خان کی شرکت پر ہنگامہ

 جیاخان کی بہن نے بھی مبینہ شرمناک قصہ سنادیا

ممبئی،اکتوبر۔بالی ووڈ کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ساجد خان کے بگ باس سیزن 16میں شریک ہونے پر ان پر لگنے والے جنسی ہراسگی کے الزامات کو ایک بار پھر ہوا مل گئی ہے۔ انڈیاٹائمز کے مطابق می ٹو مہم جب شروع ہوئی، اس میں متعدد بھارتی اداکاراؤں کی طرف سے ساجد خان پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا گیا۔ ان خواتین نے ساجد خان پر ایسے شرمناک الزامات عائد کیے کہ سننے والوں کے لیے یقین کرنا مشکل ہو گیا۔اداکاراؤں نے بتایا کہ ساجد خان پارٹیوں میں ان کے سامنے اپنا پوشیدہ عضو نمایاں کردیتے تھے۔ وہ اداکاراؤں سے اپنی برہنہ تصاویر بھیجنے کا مطالبہ کرتے اور کہتے کہ یہ کاسٹنگ پروسیجر کا حصہ ہے۔ وہ خواتین کے ساتھ انتہائی نازیبا انداز میں گفتگو کرتے جس سے ان کی شہوت پرستی غالب ہوتی تھی۔ وہ اپنی خواتین ملازماؤں کے سامنے فحش فلمیں دیکھا کرتے تھے۔ساجد خان پر جنسی ہراسگی کا الزام لگانے والی اداکاراؤں میں اداکارہ جیا خان بھی شامل تھیں، جن کی 2013ء میں ممبئی میں پراسرار طور پر موت واقع ہو گئی تھی اور آج تک ان کی موت کامعمہ حل نہیں ہو سکا۔ اداکارہ کی فیملی کی طرف سے جیاخان کی موت کا ذمہ دار اس کے بوائے فرینڈ سورج پنچولی کو ٹھہرایا گیا تھا تاہم یہ خودکشی تھی یا قتل، آج تک حقیقت سامنے نہیں آ سکی۔موت کے وقت جیا خان کی عمر محض 25سال تھی۔جیا کی بہن کرشمہ نے بی بی ڈاکومنٹری کے لیے انٹرویو دیتے ہوئے اپنی بہن کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’’جیا خان ایک سکرپٹ پڑھنے کے لیے ساجد خان کے پاس گئی تھی۔ یہ ریہرسل تھی۔ جیا سکرپٹ پڑھ رہی تھی کہ اچانک ساجد خان نے اسے اپنی شرٹ اور زیرجامہ اتارنے کو کہہ دیا۔ جیا خان نے سوچا کہ فلم کی شوٹنگ ابھی شروع نہیں ہوئی اور یہ سب کچھ شروع ہو گیا ہے۔ وہ گھر چلی آئی اور گھر آ کر بہت روئی تھی۔‘‘کرشمہ بتاتی ہے کہ ’’اس سے قبل ایک بار میں بھی جیا کے ساتھ ساجد خان کے پاس گئی تھی۔ اس وقت میری عمر 16سال کے لگ بھگ تھیں۔ میں وہاں میز پر جھک کر کھڑی ہو گئی اور ساجد خان نے مجھے تاڑتے ہوئے کہا کہ ’’اوہ، یہ جنسی تعلق قائم کرنا چاہتی ہے۔‘‘یہ سن کر میری بہن جیا نے فوراً مداخلت کی اور کہا کہ تم کیسی بات کر رہے ہو؟ اس پر ساجد نے کہا کہ دیکھو وہ کھڑی کس طریقے سے ہے۔ اس کے کچھ دیر بعد ہی میری بہن مجھے لے کر وہاں سے چلی آئی تھی۔‘‘جیا خان کے علاوہ ساجد خان پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کرنے والی اداکاراؤں میں مندنا کریمی، شرلین چوپڑا، ڈمپل پاؤل۔ سلونی چوپڑا، ریچل وائٹ، سمرن سوری اور آہنہ کماراشامل تھیں۔ ان پر ایک صحافی خاتون کرشمہ اوپادھیائے نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔ واضح رہے کہ ساجد خان کے بگ باس سیزن 16کا حصہ بننے پر گزشتہ دنوں مندنا کریمی نے شوبز انڈسٹری ہی چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔

Related Articles