بیوی کی پٹائی کی وجہ سے ایک ماہ سے اونچے درخت پر رہنے والا شخص
اتر پردیش،اگست۔ ریاست اتر پردیش میں ایک انتہائی غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے جہاں شہری نے بیوی سے مسلسل مار کھانے کے بعد دلبرداشتہ ہو کر درخت پر سکونت اختیار کر لی۔یہ دلچسپ واقعہ اترپردیش کے ضلع ماؤ کے علاقے کوپا گنج میں پیش آیا جہاں 42 سالہ رام پراویش نے یہ کٹھن فیصلہ روز کے لڑائی جھگڑوں سے تنگ آکر کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رام پراویش کے بیوی کے ساتھ گزشتہ چھ ماہ سے لڑائی جھگڑے چل رہے تھے، اس نے بیوی پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ اس پر تشدد کرتی تھی اور ہر وقت زبان درازی کرتی تھی جس سے دلبرادشتہ ہوکر اْس نے درخت پر رہنے کا فیصلہ کیا۔رام پراویش کے مطابق ایک ماہ قبل جب ایک روز بیوی سے لڑائی ہوئی تو وہ 80 فٹ لمبے درخت پر چڑھ گیا اور تہیہ کر لیا کہ اب نیچے نہیں اترے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رام کے گھر والے ایک ماہ سے اسے قریبی درخت پر رسی کے ذریعے کھانا باندھ کر دے رہے ہیں جسے وہ اوپر کی جانب کھینچ لیتا ہے۔گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اکثر رام پراویش رات کے وقت درخت سے نیچے اترتا ہے لیکن پھر فوراً اوپر چڑھ جاتا ہے، ہم نے اس سے درخواست کی کہ نیچے آجاؤ لیکن اس نے صاف انکار کر دیا ہے۔