فلم فلاپ ہونے پر اکشے اور ٹائیگر شروف نے معاوضے میں کمی کردی؟
ممبئی،اگست۔اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کے فلم میں معاوضہ کم کرنے سے متعلق فلم پروڈیوسر جیکی بھگنانی نے لب کشائی کردی۔ بھارت کے نامور اداکار اکشے کمار اور ابھرتے ہوئے اسٹار ٹائیگر شروف سے متعلق یہ افواہ سامنے آئی تھی کہ اپنی فلموں کی ناکامیوں کے بعد انہوں نے فلم میں کام کرنے کا معاوضہ کم کردیا ہے۔ ان سے متعلق بتایا جارہا تھا کہ دونوں اسٹارز نے اپنی مسلسل فلاپ فلموں کی وجہ سے فلم "چھوٹے میاں بڑے میاں” میں فلم کا معاوضے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مذکورہ فلم سے متعلق یہ بھی بتایا جارہا تھا کہ فلم بجٹ مسائل کی وجہ سے بھی رک گئی ہے۔ تاہم اب فلم کے پروڈیوسر جیکی بھگنانی نے میڈیا میں زیر گردش ان افواہوں سے متعلق لب کشائی کردی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جیکی کا کہنا تھا کہ "یہ سب کچھ بالکل غلط ہے، اور اس خبر کے ذرائع پروڈیوسر ہیں (یعنی میں سب سے قابلِ اعتبار ذرائع ہوں۔”