فلم ‘پٹھان کیلئے شاہ رخ خان نے چار سال سخت ورزش کی، ٹرینر

ممبئی،جولائی۔بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے چند ماہ قبل اپنی نئی فلم ‘پٹھان’ کے سیٹ پر لی گئی تصویر سے سب کو دنگ کردیا تھا۔کنگ خان شرٹ پہنے بغیر کھڑے تھے اور انہوں نے دونوں ہاتھوں میں ورزش کرنے والی ڈوریاں تھام رکھی تھیں۔نئی فلم کے لیے شاہ رخ خان نے اپنے جسم پر بہت کام کیا، وہ بہت زیادہ فٹ اور تندرست نظر آئے۔اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کے ٹرینر پرشانت سبھاش ساونت نے اخبار کو بتایا کہ ہم پچھلے چار سال سے صرف اس فلم کے لیے ٹریننگ کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ میں شاہ رخ خان کو پچھلے 24 سال سے ورزش کروا رہا ہوں، کورونا وائرس کے بعد سے ہماری ٹریننگ میں کچھ فرق آیا تھا لیکن شاہ رخ مستقل مزاجی سے ورزش کرتے رہے۔ٹرینر نے کہا کہ پہلے ہم سرکٹ ٹریننگ اور کارڈیو ورک آؤٹس زیادہ کرتے تھے لیکن اب ہم نے توانائی بڑھانے کے لیے کچھ ورزشوں کا اضافہ کیا جس کی وجہ سے شاہ رخ بہت اچھے اور بڑے نظر آرہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ وضع قطع بنانے کے لیے دو سال لگے، کنگ خان بالکل بدل گئے ہیں۔ٹرینر نے بتایا کہ شاہ رخ خان کی غذا باقاعدہ طور پر پلان کے تحت بنائی جاتی، اس میں کاربوہائیڈریٹس، چکنائی اور پروٹین سب چیزوں کی تفصیلات جانچی جاتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار دوران ورزش کئی بار زخمی بھی ہوئے لیکن انہوں نے ہر بار روبہ صحت ہونے کے بعد زیادہ وزن اٹھایا، زیادہ ورش کی، ان کا نظم و ضبط قابل تعریف ہے۔خیال رہے کہ ‘پٹھان’ میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی شامل ہیں اور یہ فلم اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہوگی۔

 

Related Articles