ہنی مون پر بھارت آجاؤ، للت مودی اور سشمِتا سین کی پوسٹ پر ٹوئٹس
ممبئی ،جولائی۔جمعرات کی شب تقریبا آٹھ بجے للت مودی نے سابقہ مس یونیورس اور بولی وڈ اداکارہ سشمِتا سین کے ساتھ اپنی کچھ تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں۔ اس ٹوئٹ میں مالدیپ اور سردینیا کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھاتھا کہ دنیا گھومنے کے بعد اپنی فیملی کے ہمراہ لندن پہنچا ہوں۔ یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ساتھ میری’’بیٹر ہاف‘‘ (نصف بہتر ) سشمِتا سین ہیں۔ بلآخر ہم ایک نئی زندگی کی شروعات کر رہے ہیں۔‘‘ اس ٹویٹ کے بعد’’ہنی مون پر بھارت آ جاؤ‘‘ کی ٹوئٹس بہتات سے دیکھی گئیں۔ اسی تناظر میں کچھ دیر بعد للت مودی نے ٹوئٹر پر مزید کچھ تصاویر پوسٹ کی اور لکھا کہ وضاحت کے لیے لکھتا ہوں کہ ہماری شادی نہیں ہوئی۔ ہم ابھی ایک دوسرے کے ساتھ مل رہے ہیں۔ کسی روز شادی بھی ہو جائے گی۔‘‘اس خبر پر نہ صرف بھارت بلکہ پاکستانی صارفین بھی مختلف طرز کی آراء میں مصروف ہیں، جس میں حیرت کا عنصر بھی موجود ہیحالاں کہ بولی وڈ اداکاراؤں اور کرکٹ کھلاڑیوں کے درمیان معاشقے کوئی اچھنبے کی بات نہیں۔للت مودی پر بھارت میں کئی مقدمات درج ہیں اور وہ ایک طویل عرصے سے جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ للت مودی پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے غبن اور سرمایہ کی خوردبرد کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں بورڈ سے بے دخل کر دیا تھا۔ ان پر کرکٹ سے متعلق تمام تر سرگرمیوں کے حوالے سے تاحیات پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔بھارت میں 2010 میں کانگریس حکومت نے للت مودی کا بھارتی پاسپورٹ منسوخ کر دیا تھا، جس کے خلاف مودی نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تاہم 2014 میں عدالت نے ان کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔ بھارت کی جانب سے للت مودی کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جا چکا ہے۔