لنزے لوہان نے کویتی شخص سے شادی کرلی

نیویارک،جولائی۔امریکی گلوکارہ، اداکارہ و نغمہ نگار 36 سالہ لنزے لوہان نے اپنے دیرینہ کویتی بوائے فرینڈ بینکار بدر شمس سے خاموشی سے شادی کرلی۔لنزے لوہان نے 2 جولائی کو بدر شمس کے ہمراہ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں انہیں اپنا شوہر قرار دیا، اس سے قبل وہ انہیں اپنا محبوب اور دوست قرار دیتی رہی ہیں۔اداکارہ و گلوکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں بدر شمس اور لنزے لوہان کو رومانوی انداز میں دیکھا جا سکتا ہے اور کیپشن میں انہوں نے کویتی شخص کا پیار ملنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔لنزے لوہان نے اپنے کیپشن میں بدر شمس کے شکرانے ادا کیے کہ انہوں نے ان کا انتخاب کیا اور ساتھ ہی گلوکارہ نے انہیں اپنی زندگی اور محبت قرار دیتے ہوئے اس پر اطمینان کیا کہ وہ ان کے شوہر ہیں۔اسی حوالے سے امریکی میگزین ’دی کٹ‘ نے بتایا کہ دونوں شادی کر چکے ہیں، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ دونوں نے کب شادی کی لیکن عندیہ ملتا ہے کہ انہوں نے کافی وقت پہلے ہی شادی کرلی تھی۔رپورٹ میں ایک اور میگزین کا حوالہ دیا گیا، جس نے فروری 2022 میں بتایا تھا کہ لنزے لوہان اور بدر شمس جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔رپورٹ میں مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے قیاس آرائیاں کی گئیں کہ ممکنہ طور پر لنزے لوہان اور بدر شمس نے مارچ 2022 میں شادی کرلی ہوگی، تاہم انہوں نے اس بات کا اعلان نہیں کیا۔بدر شمس اور لنزے لوہان نے نومبر 2021 میں منگنی کی تھی، دونوں نے انسٹاگرام پر تصاویر بھی شیئر کی تھی۔دونوں کے درمیان 2020 کے بعد تعلقات استوار ہوئے، جس کے بعد لنزے لوہان کو امریکا کے بجائے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں دیکھا گیا۔گزشتہ دو سال سے لنزے لوہان دبئی اور ابو ظہبی کے علاوہ کویت میں دیکھی جاتی ہیں اور اس وقت وہ شوہر کے ہمراہ دبئی میں مقیم ہیں۔ان کے شوہر بدر شمس کے حوالے سے زیادہ معلومات دستیاب نہیں، تاہم شوبز ویب سائٹ ’پیچ سکس‘ کے مطابق وہ فرانسیسی بینکنگ ادارے کے اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔بدر شمس کی پیدائش کویت سٹی میں ہوئی اور انہوں نے وہیں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد امریکی یونیورسٹیز سے انجنیئر اور فنانس کی تعلیم بھی حاصل کی اور ممکنہ طور پر ان کے لنزے لوہان سے تعلقات زمانہ طالب علمی میں ہی ہوئے تھے۔سال 2018 کے بعد بدر شمس نے امریکا سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد دبئی میں فرانیسی بینکنگ ادارے میں ملازمت اختیار کی اور بعد ازاں 2020 میں ان کے اور لنزے لوہان کے تعلقات کے چرچے مغربی میڈیا میں بھی ہونے لگے۔

Related Articles