فلم کے جی ایف ٹو دیکھنے کے دوران سنیما میں جھگڑا، ایک شخص زخمی
ممبئی ،اپریل۔بھارت میں نئی فلم کے جی ایف ٹو دیکھنے کے دوران سنیما میں جھگڑا ہوگیا، ایک شخص نے دوسرے کو گولیاں مار دیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کرناٹک کے ہاویری کے راجا شری سنیما میں پیش آیا، وسنت کمار نامی شخص اپنے دوستوں کے ساتھ فلم دیکھنے گیا، 27 سالہ نوجوان نے اپنی ٹانگ فرنٹ سیٹ پر رکھی تھی جس پر ایک شخص نے اعتراض کیا اس دوران دونوں میں بحث شروع ہوگئی، بحث کے بعد ملزم تھیٹر سے چلا گیا۔میڈیا کے مطابق ملزم دوبارہ سنیما میں پستول لے کر پہنچا، ملزم نے ایک ہوائی فائر کرنے کے بعد وسنت کمار کو دو گولیاں ماریں اور فرار ہوگیا۔واقعے کے بعد سنیما میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس موقع پر پہنچی اور وسنت کمار کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ وسنت کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کی ملزم کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی متاثرہ شخص اپنے دوستوں کے ساتھ فلم دیکھنے آیا تھا کیونکہ وہ اداکار یش کا بہت بڑا مداح تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، لائسنس یافتہ پستول رکھنے والے افراد کی فہرست بھی چیک کی جارہی ہے۔علاوہ ازیں کے جی ایف چیپٹر2کامیابی کی منازل طے کررہی ہے اور اب تک 500کروڑ روپے کما چکی ہے۔