رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی سے متعلق باتوں پر رندھیر کپور حیران
ممبئی،اپریل۔بالی ووڈ میں سلیبریٹریز کی شادی کے حوالے سے گہری نگاہیں رکھنے والی میڈیا کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ وہ اس کی تفصیلات حاصل کریں اور یہ اب روز مرہ کا معاملہ بن گیا ہے۔آج کل میڈیا کا یہ راڈار یا گہری متلاشی نگاہیں بالی ووڈ کی نوجوان اور حسین اداکارہ عالیہ بھٹ اور مشہور زمانہ کپور خاندان کے چشم و چراغ رنبیر کپور پر ہیں۔یہ الگ بات ہے کہ دیگر پریمیوں کی طرح دونوں نے شادی کے سوال پر کچھ چھپانے کی کوشش نہیں کی اور دونوں نے اپنے انٹرویوز میں شادی کے پلان پر کھل کر گفتگو کی۔تاہم اب یہ سرگوشیاں سنی جارہی ہیں کہ دونوں نے رنبیر کے والدین رشی کپور اور نیتو سنگھ کی طرح آر کے فیملی ہاؤس میں اسی ماہ شادی کا فیصلہ کیا ہے۔والدین اس صورتحال پر خاموش ہیں اور وہ شادی کے سوال پر نہ تو اس کا اقرار کرتے ہیں اور نہ انکار۔ لیکن رنبیر کے تایا اور ماضی کے اداکار رندھیر کپور جو کہ اپنی گفتگو کے حوالے سے ہمیشہ راست گو رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ بات سمجھ نہیں پائے ہیں کہ لوگ عالیہ اور رنبیر کی شادی کے حوالے سے اتنے آزادانہ انداز میں بات کیوں کررہے ہیں؟ رندھیر کپور کے مطابق ان دونوں کی آر کے ہاؤس میں شادی کرنے کی بات میں نے نہ تو سنی اور نہ ہی مجھے اس کا علم ہے۔