کنگنا رناوت نے راجا مولی کو بھارت کا بہتر ڈائریکٹر تسلیم کرلیا

ممبئی،اپریل۔بالی ووڈکوئین کنگنا رناوت نے ’ٹرپل آر‘ کی کامیابی کے بعد ایس ایس راجامولی کو بھارت کا سب سے بڑا فلم ڈائریکٹر تسلیم کرلیا۔ایس ایس راجا مولی کی تاریخی تناظر رکھنے والی ایکشن ڈرامہ فلم ’ٹرپل آر‘ میں جونیئر این ٹی آر اور رام چرن نے پہلی بار ایک ساتھ کام کیا۔فلم نے پوری دنیا میں شائقین کے دل جیت لیے ہیں، ٹرپل آر جو 300 کروڑ کے بجٹ میں تیار کی گئی ہے، نے ابتدائی 5 دن میں 600 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کنگنا رناوت نے فلم’ ٹرپل آر‘ کی کامیابی پر بطور فین تبصرہ کیا اور کہا کہ راجامولی نے ثابت کیا ہے کہ وہ بھارتی فلمی صنعت کے بہتر ین ڈائریکٹر ہیں۔انہوں نے خود کو فلم اور راجامولی کی مخلص مداح قرار دیا اور کہا کہ ان کی کامیابی نہیں بلکہ عاجزی اور سادگی ہے جو انہیں قابل تعریف بناتی ہے۔کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ راجا مولی وہ فلم ساز ہے، جس نے اب تک کوئی ناکام فلم نہیں دی، وہ بہترین ڈائریکٹر ہیں، جنہوں نے جب بھی بنائی کامیاب فلم بنائی۔اپنی تحریر میں بالی ووڈ کوئین نے راجامولی کو عاجزی، سادگی اور قوم سے محبت کے لحاظ سے رول ماڈل قرار دیا۔

Related Articles