کامیڈین کو مارنے کا معاملہ، کنگنا ول اسمتھ کے حق میں بول پڑیں
ممبئی،مارچ۔بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت اکیڈمی ایوارڈز المعروف آسکرز میں کامیڈین کو تھپڑ رسید کرنے والے ول اسمتھ کے حق میں بول پڑیں۔ آسکرز 2022ء کی براہِ راست تقریب کے دوران ول اسمتھ نے بیوی کا مذاق اْڑانے پر امریکی کامیڈین کرس راک کو تھپڑ دے مارا تھا۔ امریکی اسٹار کے اس رویے پر انہیں جہاں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا وہیں کچھ لوگوں نے ان کے حق میں بھی بیان دے ڈالے۔ ان میں سے کنگنا رناوت بھی ہیں جنہوں نے ول اسمتھ کی جانب سے کامیڈین کو لگائے گئے تھپڑ کو درست قرار دینے کی کوشش کی۔ انسٹاگرام اسٹوری پر کنگنا رناوت نے اسٹوری پر اس واقعے کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ اگر وہ ول اسمتھ کی جگہ پر ہوتیں تو وہ بھی یہی کرتیں۔ کنگنا نے لکھا کہ اگر کوئی احمق میری والدہ یا میری بہن کی بیماری کا استعمال کرکے کچھ بیوقوفوں کو ہنسائے تو میں اسے اسی طرح تھپڑ ماروں گی جس طرح ول اسمتھ نے مارا۔ ساتھ میں کنگنا نے یہ بھی لکھ ڈالا کہ امید ہے کہ وہ میرے پروگرام لاک اپ میں آئیں گے۔