چھوٹے بالوں کی وجہ سے منفی کرداروں کی پیشکش ہوئی، مندیرا بیدی
ممبئی ،مارچ۔بھارتی اداکارہ مندیرا بیدی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے چھوٹے بالوں کے بارے میں انکشاف کیا اور کہا کہ ان کے چھوٹے بالوں کی وجہ سے انہیں 10 پولیس اور 5-6 منفی کرداروں کی پیشکش ہوئی تھی۔ مندیرا نے کہا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ان کے بال کٹوانے سے انڈسٹری میں ان کے لیے کتنی تبدیلی آئے گی۔ اس کے ساتھ مندیرا نے یہ بھی بتایا کہ اب انہیں ’مضبوط ماڈرن عورت‘ کا کردار ملنا شروع ہو گیا ہے۔مندیرا نے کہا کہ ’جب میں نے اپنے بال کٹوانے کا فیصلہ کیا تھا، تو جس نے بال کاٹے اس نے مجھ سے پوچھاکہ کیا آپ کو اس کے بارے میں یقین ہے؟‘ میں نے یہ فیصلہ اس لیے کیا کہ میں اپنے لمبے بالوں کو سیدھا کرنے، کرلنگ جیسی چیزوں کی وجہ سے بہت پریشان تھی۔ اس لیے جب اس نے پوچھا کہ کیا آپ کو یقین ہے آپ یہی کرنا چاہتی ہیں تو میں نے کہا ’ہاں اور بال بہرحال دوبارہ بڑھ جائیں گے‘۔ مندیرا نے کہا کہ پچھلے 12 سال سے میرے بال شارٹ ہیں اور اسے بہت وقت ہوگیا ہے۔مندرا نے مزید کہاکہ ’چھوٹے بال بھی مجھے ڈیفائن کرتے ہیں اور جب سے میں نے اپنے بال کٹوائے ہیں، مجھے جس قسم کے کردار ملے ہیں وہ دقیانوسی تصورات کے خلاف ہیں۔ مجھے کم از کم 10 پولیس والے کردار دیے گئے ہیں اور 5-6 منفی کرداروں کی پیشکش ہوئی ہے۔ مجھے ایک مضبوط ماڈرن عورت کا کردار ادا کرنے کے لیے کاسٹ کیا ہے، اس لیے چھوٹے بالوں کا مطلب بہت ہے۔ مجھے چھوٹے بال بہت پسند ہیں اور جب تک میں چاہوں گی اس ہیئر کٹ کو رکھوں گی اور اگر مجھے کوئی ایسا کام ملا جو لمبے بالوں کا مطالبہ کرتی ہے تو میں اس کے بارے میں سوچوں گی۔‘