مادھوری ڈکشٹ نے دلچسپ واقعہ سناکر چہروں پر ہنسی بکھیر دی

ممبئی،فروری ۔ بالی ووڈ کی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشٹ نے اپنی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ سناکر دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔مادھوری ڈکشٹ نے معروف کامیڈین کپل شرما کے شو میں اپنی زندگی سے جڑا ایک واقعہ شیئر کیا تو سننے اور دیکھنے والے اپنی ہنسی نہ روک سکے۔اداکارہ اپنی پہلی ویب سیریز کی پروموشن کے لیے سنجے کپور اور مانوکول کے ساتھ کپل شرما کے شو پر پہنچیں۔انہوں نے بتایا کہ کس طرح ایک شخص الیکٹریشن ہونے کے بہانے اْن کے گھر میں داخل ہوا اور جب انہوں نے اْسے جانے کے لیے کہا تو اْس نے کیا جواب دیا۔دی فیم گیم کی پروموشن کے دوران مادھوری واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ہوا کچھ یوں کہ میرے گھر کا ایک سوئچ بورڈ خراب ہوا تو فون پر الیکٹریشن کو بلوایا۔اْن کا کہنا تھا کہ اْس سوئچ بورڈ کو درست کرنے کے لیے گھر میں 4 لوگ آگئے، ایک نے استفسار کیا کہ کونسا سوئچ بورڈ خراب ہے؟ میں نے اشارے سے اْسے بتایا، ایک نے بورڈ چیک کیا اور دوسرے نے اْسے کھول دیا اور درست کرنے میں لگ گئے۔مادھوری نے مزید بتایا کہ جب سوئچ بورڈ ٹھیک ہوگیا تو میں نے گھر آئے لوگوں کو جانے کا کہا، تو جنہوں نے کام کیا تھا وہ مسکراتے ہوئے چل دیے۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اْن کے پیچھے ایک آدمی رہ گیا تو اس پر میں نے اْن سے کہا کہ آپ نہیں جارہے کیا ان کے ساتھ؟ تو اْس نے جواب دیا کہ ’ہم ان کے ساتھ نہیں ہیں، ہم تو آپ کو دیکھنے آئے تھے‘۔بالی ووڈ اداکارہ نے پورا واقعہ جس انداز میں سنایا، اس پر ہر ایک ہی ہنسی چھوٹ گئی۔54 سالہ مادھوری ڈکشٹ نے سیریز کے حوالے سے کہا کہ مجھے اس کا اسکرپٹ پسند آیا، اس لیے اس کا حصہ ہوں۔

 

Related Articles