فوجی سربراہ ایم ایم ناروانے نے ایل او سی کا دورہ کیا
جموں، اکتوبر ۔ فوجی سربراہ جنرل منوج مکند ناروانے نے منگل کے روز لائن آف کنٹرول کا دورہ کر کے تازہ ترین صورتحال کا بچشم خود جائزہ لیا۔اس موقع پر وہاں تعینات فوجی کمانڈروں نے انہیں موجودہ صورتحال اور دراندازی کے خلاف جاری آپریشنز کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ایک فوجی ترجمان نے یہ جانکاری فراہم کرتے ہوئے منگل کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: فوجی سربراہ ایم ایم ناروانے نے وائٹ نائٹ کارپس کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور لائن آف کنٹرول پر تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ فوجی سربراہ کو وہاں تعینات کمانڈروں نے موجودہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے خلاف جاری آپریشنز کے متعلق جانکاری فراہم کی ۔بتا دیں کہ موصوف فوجی سربراہ پیر کے روز دو روزہ دورہ پر جموں پہنچے۔ان کا یہ دورہ ایل او سی اس وقت ہو رہا ہے جب پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ گذشتہ نو دنوں سے جاری ہے۔ان جھڑپوں میں دو جے سی اوز سمیت9 فوجی جوان جان بحق ہوئے ہیں۔میںڈھر نار خاص جنگلوں میں چھپے ان جنگجوؤں کا مقابلہ کرنے کے لئے پیرا کمانڈوز، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔