لال کرشن اڈوانی کو اندر پرستھ اپولو اسپتال سے ملی چھٹی
نئی دہلی، سابق نائب وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی کو پیر کے روز اندر پرستھ اپولو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔اس سے قبل اسپتال نے اپنے ہیلتھ بلیٹن میں بتایا تھا کہ لال کرشن اڈوانی انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، جہاں ان کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
98 سالہ اڈوانی کو سینے میں انفیکشن کی شکایت کے بعد 16 اکتوبر کو اندر پرستھ
اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا تھا اور شعبہ اعصابی امراض کے سینئر مشیر ڈاکٹر ونےت سوری کی نگرانی میں ان کا علاج جاری تھا۔ اڈوانی کی اسپتال سے چھٹی ملنے پر ان کے حامیوں نے راحت کا اظہار کیا۔1980 میں بی جے پی کے قیام کے بعد سے اڈوانی وہ رہنما ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ عرصے تک پارٹی کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ 1986 سے 1991، 1993 سے 1998 اور 2004 سے 2005 تک بی جے پی کے صدر رہے۔ اڈوانی بی جے پی کی پیش رو تنظیم بھارتیہ جن سنگھ کے بھی صدر رہ چکے ہیں۔اٹل بہاری واجپئی کی قیادت والی حکومت میں انہوں نے وزیر داخلہ کے عہدے پر خدمات انجام دیں، جبکہ جون 2002 سے مئی 2004 تک وہ نائب وزیر اعظم بھی رہے۔




