سلمان خان کو قتل کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار
ممبئی،مارچ۔ ریاست راجستھان کی پولیس نے اتوار کو ممبئی پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن کے دوران بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو ای میل بھیج کر قتل کی دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مغربی ریاست راجستھان کے ضلع جودھپور کی پولیس نے ممبئی کے باندرہ پولیس اسٹیشن کے ساتھ ملکر دھاکا درم نامی ملزم کو گرفتار کر کے اپنے ساتھ ممبئی لے گئی۔ اس حوالے سے جودھپور کے لونی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ایشور چاند پاریکھ کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ 18 مارچ کو ممبئی میں درج ہوا تھا جس میں ملزم نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکی دی تھی۔مقدمہ کے اندراج کے بعد ممبئی پولیس کے اے ایس آئی بجرنگ جگتاپ تحقیقات کر کے راجستھان پہنچے اور جوائنٹ آپریشن میں 21 سالہ ملزم دھاکا درم بشنوئی کو جودھپور سے گرفتار کر کے اپنے ساتھ ممبئی لے گئے۔