انگلش ونگلش میں سری دیوی کے زیراستعمال ساڑھیوں کی نیلامی کا اعلان
ممبئی،اکتوبر۔بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی نے فلم ’انگلش ونگلش‘ میں جو ساڑھیاں پہنی تھیں انہیں فلم کی دسویں سالگرہ کے موقع پر نیلام کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گوری شندے کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم 5 اکتوبر 2012 کو ریلیز ہوئی تھی۔ باکس آفس پر ہٹ اور کئی ایوارڈز لینے والی اس فلم میں آنجہانی سری دیوی کے مدمقابل غیر معروف اداکاروں عادل حسین، مہدی نیبو اور پریا آنند نے کردار ادا کیے تھے، جبکہ یہ فلم دراصل سری دیوی کی 15 برس بعد بالی ووڈ میں واپسی بھی تھی۔اس حوالے سے ہدایتکار گوری شندے نے بدھ کو فلم اور سری دیوی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔سری دیوی فروری 2018 میں دبئی کے ایک ہوٹل میں مردہ پائی گئی تھیں۔